سعودی عرب، خلیجی ریاستوں، امریکا اور یورپی ممالک میں عید الفطر منائی گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 13 مئ 2021
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث عید کے بڑے اجتماعات پر پابندی ہے

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث عید کے بڑے اجتماعات پر پابندی ہے

سعودی عرب، خلیجی ممالک اور امریکا سمیت یورپ میں عیدالفطرمنائی گئی۔

عرب ٹی وی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عدالتی کونسل کے اجلاس منعقد ہوئے۔ شہادتیں موصول ہونے کے بعد عدالتی کونسل کے ممبران نے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد آج عرب ممالک میں عید الفطر منائی گئی۔

فلسطین میں بھی آج عید الفطر منائی گئی تاہم اسرائیلی فورسز کے مظالم اور وحشیانہ بمباری کے باعث فلسطینیوں کے لیے عید کی خوشیاں غم میں تبدیل ہوگئی ہیں، اسرائیلی فورسز کی بمباری کے باعث اب تک 17 بچوں اور خواتین سمیت 56 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

امریکا، آسٹریلیا، فرانس، برطانیہ، کینیڈا، سنگاپور اور جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی گئی جب کہ بھارت میں عید کل منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں نماز عید الفطر کے اجتماعات مکمل ایس او پیز کیساتھ ہوئے، کئی ممالک میں لاک ڈاون نافذ ہے اور کورونا کے باعث رواں سال عید سادگی سے منائی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔