کراچی میں تین روز تک شدید گرمی کی یپش گوئی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 مئ 2021
کراچی میں پارہ 40 ڈگری تک رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو: فائل)

کراچی میں پارہ 40 ڈگری تک رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو: فائل)

 کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 14 سے 16 مئی تک گرمی کی تین روزہ لہر آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج اور کل یعنی 14 اور 15 مئی کو شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ 16 مئی کو موسم انتہائی گرم اورخشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے ’ہیٹ ویو سینٹر فار ارلی وارننگ‘ نے نیا آوٹ لک جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے اثرات کراچی میں بھی پڑیں گے، گرم موسم کے دوران سمندری ہوائیں منقطع رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران پارہ 40 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے جب کہ سندھ میں سب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان نواب شاہ میں ہے جہاں آئندہ تین روز میں پارہ 44 سے 45 ڈگری ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سمندر میں غیرمعمولی سرگرمی کا رخ شمال مغرب میں بھارتی گجرات اور اطراف کے علاقوں کی جانب رہے گا، گرمی کی لہر کے دوران شہر میں شمال مغربی اورمشرقی سمت کی گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔

بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی شدت بڑھ گئی ہے اور ہوا کے کم دباؤ کا کراچی سے فاصلہ 1650 کلومیٹر ہے، آج رات گئے ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن (دباؤ) میں تبدیل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔