برطرف پولیس افسر کے گھر سے 7 خواتین اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 مئ 2021
7 خواتین اور 3 بچوں کو بیدردی سے قتل کیا گیا، فوٹو: : ایف اے پی

7 خواتین اور 3 بچوں کو بیدردی سے قتل کیا گیا، فوٹو: : ایف اے پی

سان سلواڈور: وسطی امریکی ملک ایل سیلواڈور میں جنسی زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار سابق پولیس افسر کے گھر سے 7 خواتین اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق  ایل سیلواڈور میں 51 سالہ سابق پولیس افسر ہیگو اوسیریو چاویز کو  خاتون اور ان کے بیٹے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے ہوشربا انکشافات کیے جن کی بنیاد پر پولیس افسر کی گھر کی تلاشی لی گئی۔

سابق پولیس افسر کے گھر کے لان میں دفن کی گئیں 10 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں 7 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ زیادہ تر لاشیں دو سال پرانی ہیں۔ ملزم کو قتل اور جنسی زیادتی کے 13 مقدمات کا سامنا ہے۔

پولیس نے اپنے سابق افسر کو ایک خاتون کی شکایت پر گھر سے گرفتار کیا۔ خاتون نے پولیس کو کال کرکے بتایا تھا کہ برابر والے گھر سے ایک خاتون کی درد سے چیخنے اور مدد مانگنے کی آوازیں آرہی ہیں تاہم جب پولیس پہنچی تو 56 سالہ خاتون اور ان کی 26 سالہ بیٹی کی لاشیں سوئمنگ پول سے ملیں۔

سابق پولیس افسر ایک جنسی مریض ہے جسے ڈیوٹی کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا اور اس نے جیل قید کی سزا بھی کاٹی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔