سعودی عرب نے اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 مئ 2021
وزرائے خارجہ کا اجلاس کل آن لائن ہوگا، فوٹو: فائل

وزرائے خارجہ کا اجلاس کل آن لائن ہوگا، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر کل بروز اتوار اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کر ليا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر کل اتوار کے روز مسلم ممالک کی تنظیم ’’آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن‘‘ کا آن لائن اجلاس طلب کیا گیا جس میں اسرائيلی بمباری اور مسجد الاقصیٰ کے احاطے ميں پُرتشدد کارروائيوں پر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ غور و خوص کے بعد مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا اجلاس اسرائیل کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز سے اب تک مسلسل غزہ پر بمباری کے بعد طلب کیا گیا۔ اسرائیلی حملوں میں میڈیا ہاؤس سمیت کئی رہائشی عمارتیں بھی زمین بوس ہوگئیں اور اب تک 140 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 30 سے زائد بچے بھی شامل ہیں جب کہ 900 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

اقوام متحدہ اور امریکا سمیت عالمی قوتوں کی جانب سے بھی اسرائیل سے تصفیے کے پُرامن حل کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم اسرائیل اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رہائشی علاقوں پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔