رنگ روڈ اسکینڈل پر شور مچانا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والی بات ہے، فرخ حبیب

 ہفتہ 15 مئ 2021
وزیراعظم عمران خان نے رنگ روڈ منصوبے میں اعلی مثال قائم کی ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات (فوٹو : فائل)

وزیراعظم عمران خان نے رنگ روڈ منصوبے میں اعلی مثال قائم کی ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رنگ روڈ کے حوالے سے شور مچانا ایسا ہی ہے جیسے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے، وزیراعظم عمران خان نے رنگ روڈ منصوبے میں اعلی مثال قائم کی ہے۔

مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں 36 کمپنیوں کا اسکینڈل، رائے ونڈ روڈ پر اربوں روپے لگائے گئے، جاتی عمرہ محل پر اربوں روپے لگائے گئے، کیمپ آفسز بنائے گئے، کسی معاملے پر انکوئری کی توفیق نہیں ہوئی، کسی وزیر پر کیس نہیں بنایا گیا، ان کے دور میں ہمیشہ آگ لگ جایا کرتی تھی، ایل ڈی اے پلازہ میں میٹرو کا ریکارڈ جلایا گیا۔

یہ پڑھیں : رنگ روڈ اسکینڈل رپورٹ؛ (ن) لیگ کا عمران خان اور عثمان بزدار کی گرفتاری کا مطالبہ

 

انہوں نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے انکوائری کرکے رپورٹ پبلک کی اور اڑھائی ارب کی لینڈ ایکوزیشن کا معاملہ نیب کو بھجوا دیا، ذمہ دار بیوروکریٹس کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، ان کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی اور نیب بھی تحقیقات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے سوال ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنے ادوار میں کتنے کرپشن کے کیسز بنائے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ثابت کیا کہ ان کی حکومت میں کوئی کرپشن نہیں کرسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔