حکومت کی شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل تیار

ویب ڈیسک  اتوار 16 مئ 2021
 ہائی کورٹ کی جانب سے 7 مئی 2021ءکو دیئے گئے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے، اپیل کا متن۔  : فوٹو: فائل

ہائی کورٹ کی جانب سے 7 مئی 2021ءکو دیئے گئے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے، اپیل کا متن۔ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: حکومت نے شہبازشریف کے بیرون ملک جانے کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اپیل کل سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

ذرائع کے مطابق پٹیشن 1973 کے آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت دائر کی جارہی ہے، جس میں 12 قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں اور قانونی سوالات کے ساتھ کچھ حقائق بھی بیان کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیاجائے، اور ہائی کورٹ کی جانب سے 7 مئی 2021ءکو دیئے گئے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کا عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہم شہباز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلہ چیلنج کریں گے، ہم سمجھتے ہیں عدالت کو درست طریقے سے بات بتائی نہیں گئی، دونوں طرف کے وکلا کے لیے ضروری ہے کہ عدالت کو درست حقائق بتائیں، ہم  تمام حقائق عدالت کے سامنے رکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔