واٹس ایپ نئی شرائط قبول نہ کرنے والےصارفین کے ساتھ کیا کرے گا؟

ویب ڈیسک  پير 17 مئ 2021
 واٹس ایپ نے نئی شرائط کو قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کردیا ہے۔ (فوٹو:فائل)

واٹس ایپ نے نئی شرائط کو قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کردیا ہے۔ (فوٹو:فائل)

کیلفورنیا: واٹس ایپ نے اپنی متنازعہ پرائیویسی پالیسی کو 15 مئی سےلاگو کردیا ہے، لیکن جن لوگوں نے اس پالیسی کو قبول نہیں کیا ہے تو ان کے اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوگا؟

رواں سال 4 جنوری کو واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئی پرائیویسی پالیسی متعارف کرائی جس میں کچھ شرائط متنازع تھی، ان شرائط کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں واٹس ایپ کے لاکھوں صارفین اس کے حریف میسجنگ پلیٹ فارمز ٹیلی گرام، سنگل وغیرہ پر منتقل ہونے لگے۔

یہ بھی پڑھیئے : واٹس ایپ کی متنازع پالیسی کے باعث لاکھوں افراد دیگر ایپس پر منتقل

بعد ازاں واٹس ایپ نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں اس نئی پالیسی کے متعلق پھیلنے والی افواہوں کی تردید کی گئی۔ تاہم صارفین کی تمام تر مخالفت کے باوجود بالاخرواٹس ایپ نے دو دن قبل اس پالیسی کودنیا بھرمیں موجود صارفین پرلاگو کردیا ہے۔

جن صارفین نے اب تک اس پالیسی کو منظور نہیں کیا ہے ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوگا یہ بات ابھی تک غیر یقینی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے : صارفین کی نجی معلومات اور واٹس ایپ

لیکن فیس بک کی اس انسٹنٹ میسیجنگ ایپ نے اپنے حالیہ بیان میں  نئی شرائط کو قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق؛

آپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں ہوگا

کمپنی کا کہنا ہے کہ 15 مئی کے بعد بھی پالیسی قبول نہ کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹس نہ ہی ختم کیے جائیں اورنہ ہی واٹس ایپ کی کارکردگی میں فرق پڑے گا۔

صارفین کو نئی شرائط قبول کرنے کی یاد دہانی جاری رہے گی

اگر چہ کمپنی شرائط قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کو ختم نہیں کر رہی لیکن، صارفین کو ایک مخصوص مدت کے بعد یاد دہانی کا نوٹی فیکیشن اس وقت تک ملتا رہے گا جب تک صارف نئی شرائط کو قبول نہیں کرلیتا۔

جب تک آپ نئی اپ ڈیٹس کو قبول نہیں کر لیتے اس وقت تک آپ کو واٹس ایپ کے افعال محدود ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ استعمال کنندگان اپنی چیٹ لسٹ تک رسائی کے اہل نہیں ہوں گے، تاہم وہ وائس اورویڈیو کالز کا جواب دے سکتے ہیں۔

تاہم ایسے صارفین جنہوں نے نوٹی فیکیشن کےفیچر کو موثر رکھا ہوا ہےوہ نوٹی فیکیشن میں آنے والے پیغامات کو پڑھنے، جواب دینے کے ساتھ مِسڈ کالز کا جواب بھی دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے : صارفین خبردار! واٹس ایپ کا پرائیویسی پالیسی سے متعلق ’‘پالیسی بیان‘‘ آگیا

کمپنی کی نئی شرائط کے حوالے سے وضح کردہ FAQ(زیادہ پوچھے جانے والے سوالات) میں واضح لکھا ہوا ہے کہ کمپنی کچھ ہفتوں بعد ایسے صارفین کو کال اور پیغامات بھیجنے کا سلسلہ بھی بند کردے گی۔

ایسے صارفین جو نئی پرائیویسی اپ ڈیٹ کو قبول نہیں کرنا چاہتے تو وہ اینڈرائیڈ یا آئی فون پر موجود اپنی چیٹ ہسٹری کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اگر آپ نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا تو پھرآپ اپنی چیٹ ہسٹری اور بیک اپ کو دوبارہ حاصل نہیں کر سکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔