سندھ میں کورونا کی پابندیوں میں نرمی، نئی ہدایات جاری 

اسٹاف رپورٹر  منگل 18 مئ 2021
سینما گھر شادی ہالز، مزارات سماجی تقریبات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی ۔ فوٹو : فائل

سینما گھر شادی ہالز، مزارات سماجی تقریبات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سرکاری دفاتر اور کاروبار کے لیے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، سندھ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سرکاری دفاتر اور کاروبار کے لیے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سرکاری دفاتر کےاوقات کار معمول کےمطابق کردیے گئے ہیں اور دفاتر میں ملازمین کی حاضری 20فیصد سےبڑھاکر 50فیصد کردی گئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ میں کاروباری اوقات کار بھی تبدیل کردیے گئے ہیں، نئے حکمنامے کے مطابق کاروباری سرگرمیاں صبح چھ بجے سےرات آٹھ بجے تک ہونگی ہفتہ اور اتوار کو سیف ڈیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں بند ہونگی، ہوٹلز ریسٹورینٹس کے لئے رات بارہ بجے کاروبار کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹس ہوٹلز پر ڈائن ان ٹیبل سروس پر پابندی برقرار رہے گی، ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

علاوہ ازیں سینما گھر شادی ہالز، مزارات سماجی تقریبات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی، نئی پابندیاں اور احکامات کااطلاق 30مئی تک ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کھیلوں کی انڈور آؤٹ ڈور سرگرمیوں، ٹورنامنٹس پر پابندی برقرار رہے گی تفریحی پارکس، بیوٹی پارلرز بند رہیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق  سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، میوزیکل اور مزہبی تقریبات پر پابندی ہوگی جب کہ سرکاری اور نجی دفاتر میں روٹیشن پالیسی کے تحت اسٹاف کی 50 فیصد حاضری کا اطلاق ہوگا، تمام سرکاری اور نجی دفاتر کام کی جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔