دیس بدیس کے کھانے

سمیرا انور  منگل 18 مئ 2021
بنائیے اپنی من پسند سویٹ ڈش۔

بنائیے اپنی من پسند سویٹ ڈش۔

آئس کریم فالودہ
اجزا:
اسپگیٹی (25 گرام)
دودھ (ایک پاؤ)
لال شربت (حسب ضرورت)
تخم بالنگا (دو کھانے کے چمچے) ایک چائے کی پیالی میں پانی کے ساتھ بھگو دیں
شکر (حسب ذائقہ)
ٹوٹی فروٹی یا پھر قلفہ آئس کریم
بادام، پستے (حسب ذائقہ)

ترکیب:
اسٹرابیری جیلی 450 ملی گرام پانی میں تھوڑی سی شکر ملا کر ابال لیں اور پھر اس میں جیلی گھول کر تیار کریں۔ اسپیگٹیکو ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ابال لیں۔ ابلنے کے بعد انھیں ٹھنڈے پانی میں ڈال کر پھر نتھار لیں۔ ایک گلاس میں دودھ میں لال شربت اچھی طرح گھول لیں۔ پھر اس میں تخم بالنگا ڈال لیں۔ اسی طرح اسپیگٹی اور پھر بادام، پستے، آئس کریم اور سب سے آخر میں جیلی کے ٹکڑے ڈال دیں۔ مزے دار آئس کریم فالودہ تیار ہے۔

رس ملائی
اجزا:
خشک دودھ (ایک پیالی)
انڈا پھینٹا ہوا( ایک عدد)
تیل: 3-4 کھانے کے چمچے
بیکنگ پائوڈر (پائو چائے کا چمچہ)
دودھ (ایک لیٹر)
چینی(ایک پیالی)
پستے بادام (10سے 15 دانے)

ترکیب:
خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پائوڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، پھر اس کے چھوٹے چھوٹے پیڑے یا لڈو بنا لیں۔ ایک دیگچی میں دودھ اُبال لیں اور ساتھ چینی شامل کر دیں۔ 10 سے 12 منٹ پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔ اس کے بعد وہ پیڑیشامل کرلیں۔ ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید پانچ منٹ پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔ اس کے بعد ایک پیالے میں نکال کر پستے بادام چھڑک لیں اور پیش کریں۔

گلاب جامن
اجزا:
خشک دودھ (ایک پیالی)
میدہ (ایک کھانے کا چمچہ)
بیکنگ پائوڈر (ایک چائے کا چمچہ)
انڈا (ایک عدد)
باریک پسی ہوئی الائچی (آدھا چائے کا چمچہ)
چینی (ڈیڑھ پیالی)
پانی (دو پیالی)
تیل (ایک چائے کا چمچہ)
پستہ (کٹا ہو) سجاوٹ کے لیے
چاندی کا ورق (سجاوٹ کے لیے)
گھی (تلنیکے لیے)

ترکیب:
شیرے کے لیے ایک پین میں دو پیالی پانی اور چینی ڈال کر شیرہ بنانے کے لیے چولھے پر رکھ دیں۔ پھر کچھ دیر پکنے کے بعد اس میں الائچی کا سفوف شامل کر دیں۔ پھر گلاب جامنوں کے لیے ایک پیالے میں خشک دودھ، بیکنگ پائوڈر، میدہ، انڈا، تھوڑا سا پانی اور گھی ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ اب اس آمیزے کے ایک سائز کے چھوٹے چھوٹے پیٹرے بنالیں۔
ایک فرائنگ پین میں گھی کو گرم کرلیں۔ اب اس میں بالز ڈال کر ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ جب اِن کا رنگ برائون ہو جائے، تو پین سے نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔ مزے دار گلاب جامن تیار ہیں۔ پستہ اور چاندی کے ورق سے سجا کر پیش کریں۔

کیلے کی کھیر
اجزا
کیلے (پانچ عدد)
دودھ (آدھا لیٹر)
بالائی (ایک پاؤ)
چینی (آدھا کلو)
بادام کی گری (آدھی چھٹانک)
کیوڑا (ایک بڑا چمچہ)
پستہ (آدھا چھٹانک)

ترکیب
چھپکا اتار کر کیلے کے موٹے موٹے قتلے کرلیں۔ ایک پتیلے میں دودھ ڈال کر چولھے پر چڑھا دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جوش آجائے تو پھینٹی ہوئی بالائی اور الائچی کے دانے ڈال دیں۔ اب چینی شامل کرلیں اور چمچہ چلاتے رہیں۔ شیرہ گاڑھا ہو جائے اور دودھ اور بالائی یک جان ہوجائیں تو کیلوں کے قتلے ڈال دیں۔ چند منٹ تک پکنے دیں، اب کیوڑا ڈالیں اور دم پر رکھا رہنے دیں۔ دودھ پک کر تقریباً آدھا لیٹر رہے اور یہ بھی خیال رہے کہ کیلا بالکل دودھ میں گھل نہ جائے۔ کسی کھلے برتن میں نکالیں، چاندی کا ورق لگائیں اور پستہ بادام چھڑکیں۔ مزے دار کیلے کی کھیر تیار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔