ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے ٹیسٹ کی قربانی پرانضمام خفا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 18 مئ 2021
 اگر کھلاڑیوں نے بھی یہی سوچ اپنا لی تو آپ کو تکلیف ہوگی،سابق کپتان ،  فوٹو : فائل

 اگر کھلاڑیوں نے بھی یہی سوچ اپنا لی تو آپ کو تکلیف ہوگی،سابق کپتان ، فوٹو : فائل

 لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے ٹیسٹ کی قربانی پرانضمام الحق خفا ہو گئے۔

پاکستان ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز میں 3ٹیسٹ میچز میں سے ایک کم کرکے ٹی ٹوئنٹی 3سے بڑھاکر 5کردیے گئے ہیں، پی سی بی کے مطابق رواں سال شیڈول ورلڈکپ کی تیاریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختصر فارمیٹ کے زیادہ مقابلوں کو ترجیح دی گئی۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انضمام الحق نے کہاکہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ قدم پیسے یا ورلڈکپ کی تیاری کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے،ٹیسٹ میچ کی قربانی نہیں دینی چاہیے تھی۔

سابق کپتان نے کہا کہ محمد عامر نے طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی لیگز کی کمائی کیلیے ایسا کررہے ہیں،وہاب ریاض ریٹائر ہوئے تو ان کے بارے میں بھی یہی سوچ تھی، اب بورڈ بھی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیلیے ٹیسٹ کی قربانی دے کر یہی پیغام دے رہا ہے، اس طرح کے اقدامات سے آپ کرکٹرز سے طویل فارمیٹ نہ چھوڑنے کی توقع کیسے کرسکتے ہیں؟اس لحاظ سے تو محمد عامر اور وہاب ریاض کا بھی طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط نہیں تھا۔

انضمام الحق نے کہا کہ آئی سی سی اور بورڈز پیسے کی دوڑ چھوڑدیں، اگر کھلاڑیوں نے بھی یہی سوچ اپنا لی تو آپ کو تکلیف ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کی تیاری کے پیش نظر زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا تھے تو ان کی تعداد میں اضافہ کرلیتے،ایسا ٹیسٹ میچ کم کیے بغیر بھی ہوسکتا تھا، پریکٹس تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچز میں بھی ہوجاتی، ٹیسٹ میچز کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کی سوچ مستقبل میں ہماری کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔