الجزیرہ کے ’’میچ فکسرز‘‘ کو کلین چٹ مل گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 18 مئ 2021
پانچوں افراد کلیئر،بھارت میں کھیلے گئے کرکٹ میچز بھی صاف و شفاف قرار
 فوٹو: فائل

پانچوں افراد کلیئر،بھارت میں کھیلے گئے کرکٹ میچز بھی صاف و شفاف قرار فوٹو: فائل

 دبئی:  الجزیرہ کے ’’میچ فکسرز‘‘ کو کلین چٹ مل گئی جب کہ آئی سی سی نے ناکافی شواہد پر دستاویزی فلم سے کھلنے والی تحقیقات کی فائل بند کردی۔

الجزیرہ چینل نے 27 مئی 2018 کو ’’کرکٹ کے میچ فکسرز‘‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم نشر کی،جس میں کھیل میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کیا گیا۔

آئی سی سی نے فوری طور پر دعوؤں کی جانچ کیلیے تحقیقات شروع کیں جس کے اختتام پر ناکافی شواہد کی وجہ سے تمام 5 افراد کے خلاف اپنے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کوئی بھی چارج عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کونسل نے اعلامیے میں کہا کہ تفصیلی تحقیقات کا مرکز 3 بنیادی چیزیں تھیں،ان میں دستاویزی فلم میں کیے جانے والے دعوے، حصہ بننے والے مشکوک افراد اور پروگرام میں جمع کیے جانے والے  شواہد تھے۔ اس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2016 میں چنئی میں بھارت اور انگلینڈ  اور رانچی میں 2017 میں بھارت اور آسٹریلیا کا میچ فکسڈ تھا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میچز کے جن حصوں کے فکسڈ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ان کا بیٹنگ انڈسٹری اور کرکٹ کے ماہرین سے تجزیہ کروایا گیا، سب کا کہنا تھا کہ میچز کے یہ حصے قابل پیشگوئی اور ان کے فکسڈ ہونے میں صداقت دکھائی نہیں دیتی،پروگرام کا حصہ بننے والے تمام 5 افراد کے اینٹی کرپشن حکام نے انٹرویوز کیے، جس کے بعد ناکافی شواہد کی بنیاد ہر معاملہ ختم قرار دے دیا گیا۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ ہم اس رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کھیل سے کرپشن ختم کرنے کیلیے کوشاں ہیں، ہمیں اس معاملے میں کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی، فی الحال کیس بند کیا جا رہا ہے لیکن اگر کوئی نئی معلومات ملتی ہیں تو پھراسے دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔