بھارت میں ہندو انتہاپسندوں کے بہیمانہ تشدد سے ایک اور مسلمان نوجوان جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 18 مئ 2021
ہندو انتہاپسندوں کے تشدد کے باعث مزید 2 مسلمان نوجوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔ فوٹو : کشمیر میڈیا

ہندو انتہاپسندوں کے تشدد کے باعث مزید 2 مسلمان نوجوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔ فوٹو : کشمیر میڈیا

ہریانہ میں ہندو انتہاپسندوں نے مسلمان نوجوانوں پر بہیمانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاست ہریانہ میں ہندو انتہاپسندوں نے 3 مسلمان نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور جے شری رام کا نعرے لگانے پر زور دیتے رہے تاہم انتہاپسندوں کے بہیمانہ تشدد کے باعث آصف خان نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

آصف خان جم ٹرینر ہے جو اپنے دوستوں کے ساتھ دوائی لینے جارہاتھا کہ راستے میں 15 کے قریب انتہا پسندوں نے گاڑی کو روکا اور کار کے شیشہ پر پتھر مارے، انتہا پسندوں کے ہجوم نے آصف کے ساتھ گاڑی میں سوار اس کے 2 دوستوں واصف اور راشد کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث راشد اسپتال کے انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارت میں انتہاپسند ہندوؤں کا مسلمان نوجوانوں پر بہیمانہ تشدد

آصف خان کے رشتہ داروں کے مطابق آصف کے دونوں دوست مشتعل ہجوم سے بھاگ کر جان  بچانے میں کامیاب ہوگئے تاہم انتہاپسندوں نے آصف کو مار کر لاش کو گاؤں کے قریب پھینک دیا۔ دوسری جانب واقعہ کے بعد ابھی تک کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں آئے دن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اس سے قبل بھی متعدد بار مشتعل انتہاپسند ہجوم کی جانب سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔