برطانیہ میں متعصب شخص نے فلسطین کے حق میں ریلی پر گاڑی چڑھا دی

ویب ڈیسک  منگل 18 مئ 2021
تیز رفتار کار ریلی میں گھس گئی، فوٹو: فائل

تیز رفتار کار ریلی میں گھس گئی، فوٹو: فائل

ناٹنگھم: برطانیہ میں انتہا پسند نسل پرست شخص نے اپنی تیز رفتار کار فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء پر چڑھا دی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک 51 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی میں شریک افراد کو کار سے ٹکر مارنے کا الزام ہے۔

ناٹنگھم میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک تھے۔ شہریوں نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین کے حق میں بینرز اُٹھا رکھے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل کی بمباری میں اسلامی یونیورسٹی کی عمارت تباہ، شہادتیں 210 سے متجاوز 

ریلی پُر امن طریقے سے اپنے اختتامی مقام کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اچانک ایک کار تیزی سے ریلی کے اندر گھس گئی جس سے متعدد شرکاء زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 51 سالہ کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ریلی کے شرکاء کو کار سے ٹکر مارنے کی وجہ بتائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔