مستونگ،بولان:فورسز کی کارروائی میں6اغوا کار ہلاک

ایکسپریس اردو  پير 9 جولائی 2012
 کھجوری کی پہاڑیوں پر اغواکاروں سے مقابلہ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبد اللہ بازیاب

کھجوری کی پہاڑیوں پر اغواکاروں سے مقابلہ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبد اللہ بازیاب

کوئٹہ / مستونگ: تحصیل دشت میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ،مغوی ڈپٹی ڈی ایچ او مستونگ بازیاب جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6اغواء کار ہلاک علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا ۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مچھ سے تقریباً25کلو میٹرجنوب کے طرف علاقہ کھجوری کی پہاڑیوں میں مبینہ اغواء کاروں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ روز مستونگ سے اغواء ہونے والے ڈی ایچ او ڈاکٹرعبداﷲ بڑیچ کو بازیاب کرالیا گیا اور مبینہ مقابلے میں دو اغواء کار عبدالرشید اور ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا لاشوں کو لیویز فورس نے مچھ ہسپتال پہنچایا ،

دریں اثنا فرنٹیئر کوربلوچستان کے پریس ریلیز میں کہاگیاہے کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب صوبائی حکومت کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے تحصیل مستونگ کے علاقے کابو اسپلنجی اور بولان کے علاقے پیر غائب میں جرائم پیشہ عناصرکے کیمپوں کے خلاف کارروائی کی ،

صوبائی حکومت کو اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ تحصیل مستونگ کے علاقے کابو اسپلنجی اور بولان کے علاقے پیر غائب میں کوئٹہ اور گردونواح میں دہشت گردی اغواء برائے تاوان اور دیگر مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد نے قائم کررکھے ہیں ان کیمپوں میں دہشت گردوں کے چند کمانڈروں کی موجودگی کی اطلاعات بھی ملی تھیں جہاں سے وہ کوئٹہ اور قرب وجوار میں وارداتیں کرتے ہیں ،ان اطلاعات پر صبح چار بجے کارروائی شروع کی گئی جو کہ تاحال جاری ہے اب تک کی اطلاعات کے مطابق شرپسندوں سے مقابلے کے دوران اس ماہ کی تین تاریخ کو مستونگ سے اغواء ڈاکٹرعبداﷲ بڑیچ کو بازیاب کرالیا گیا جبکہ 6دہشت گرد اور اغواء کار ہلاک کردیے گئے چند مشکوک افراد کو ابتدائی تفتیش کیلیے گرفتار کیا گیا ہے
جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہواہے تاہم ان کے چند اہم کمانڈر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ،علاقے کے پر امن عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں جو قابل ستائش ہے

علاقے کے عوام کی مدد اور بھرپور تعاون سے اس علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرکے ایک مکمل پر امن علاقہ بنایا جائے گا اور پورے بلوچستان میں قانون کے احترام اور امن کو یقینی بنائے گا ہم ایک بار پھر لاقانویت اغواء اور مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث بھٹکے ہوئے افراد کو اپنی آنے والی نسلوں کے مفاد میں امن کی راہ اختیار کرنے کا موقع اور پیشکش کرتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔