پاکستان سپرلیگ 6 کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ دور

اسپورٹس رپورٹر / عباس رضا  بدھ 26 مئ 2021
 جنوبی افریقا سے ابوظہبی کے لیے سفرکرنے والے مجموعی طورپر27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔

جنوبی افریقا سے ابوظہبی کے لیے سفرکرنے والے مجموعی طورپر27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔

 لاہور: ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، براڈکاسٹرز اور آفیشلز کے ویزوں کا مسئلہ حل ہوگیا۔

ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، براڈکاسٹرز اور آفیشلز کے ویزوں کا مسئلہ حل ہوگیا، بھارت سے ابوظہبی کے لیے سفر کرنے والے تمام 25 افراد کو ویزے جاری کردیے گئے،  جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو بھی ویزوں کا اجرا ہوگیا، جنوبی افریقا سے ابوظہبی کے لیے سفرکرنے والے مجموعی طورپر27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سے بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ پریواے ای روانہ ہونے والے بیشترافراد کے ویزے بھی جاری ہوچکے، 27 مئی کی دوپہر2 بجے سے پہلے ابوظہبی کے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر یو اے ای میں روم آئسولیشن کا پہلا دن شمارکیا جائے گا۔

پی ایس ایل کی راہ میں حائل سیاہ بادل چھٹ گئے، پرواز ٹیک آف کے لیے تیار ہے،براڈکاسٹ کمپنی میں شامل 25 بھارتی ارکان کو یواے ای کا ویزا مل گیا، جنوبی افریقہ سے آنے والے کرکٹرز کو بھی اجازت حاصل ہوگئی،دونوں ممالک سے چارٹرڈ فلائٹس جمعرات کو ابوظبی پہنچیں گی،پاکستان میں موجود بیشتر کرکٹرز، معاون اسٹاف ارکان اور پی سی بی آفیشلز کے ویزے بھی موصول ہوگئے، دوپہر ایک بجے 2 پروازوں سے روانگی ہوگی،سہ پہر  ابوظبی کے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر روم آئسولیشن کا پہلا دن شمار کیا جائے گا۔

غیرملکیوں کا 10روزہ قرنطینہ 5جون کو مکمل ہوگا،مقابلے تاخیر سے شروع ہونے کا امکان ہے،فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، رائلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، مائیکل اسمتھ، ہرشل گبز اور محمد نواز کی پروٹیز کے دیس سے آمد کیلیے راہ کھل گئی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز بڑھنے پر معطل ہونے والی پی ایس ایل 6 کے میچز کو دوبارہ کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا مگر فرنچائزز نے پاکستان میں وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقابلے یواے ای میں کرانے کی تجویز دے دی،بالآخر ابوظبی میں میچز کا حتمی فیصلہ ہوا تو ویزوں، سفری انتظامات اور لاجسٹک مسائل کا چیلنج درپیش آگیا،سب سے بڑا مسئلہ بھارت اور جنوبی افریقہ سے آنے والے براڈ کاسٹرز کا تھا،ان کے بغیر براہ راست میچز نہیں دکھائے جا سکتے تھے۔

بالآخر پی ایس ایل کی راہ میں میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں،کراچی اور لاہور کے ہوٹلز میں قائم قرنطینہ مراکز سے کھلاڑیوں،معاون اسٹاف ارکان،پی سی بی آفیشلز اور مقامی براڈکاسٹرز کو بدھ کی صبح روانہ ہونا تھا مگر منگل کی رات 11بجے بتایا گیا کہ بعض مسائل کی وجہ سے ایک روز کی تاخیر ہوگئی ہے، کئی افراد کے ویزے وصول نہیں ہوسکے تھے۔

گذشتہ روز پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارت سے ابوظبی کے لیے سفر کرنے والے تمام 25 افراد کو ویزے جاری کردیے گئے، جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور دیگر ارکان کو بھی ویزوں کا اجرا ہوگیا، مجموعی طور پر 27 میں سے 26 جنوبی افریقیوں کو ویزے جاری ہوئے ہیں، مذکورہ دونوں ممالک سے چارٹرڈ فلائٹس جمعرات کو ابوظبی پہنچیں گی،پاکستان میں موجود بیشتر افراد کے ویزے بھی جاری ہوچکے۔

جمعرات کی دوپہر ایک بجے کراچی اور لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ ابوظبی روانگی طے ہے،سہ پہر ابوظبی کے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر یو اے ای میں روم آئسولیشن کا پہلا دن شمار کیا جائے گا،یوں غیرملکیوں کا 10روزہ قرنطینہ 5جون کو مکمل ہوگا،پاکستان سے روانہ ہونے والوں کو 7روزہ کی آئسولیشن مکمل کرنا ہے،براڈ کاسٹرز کی تنصیبات مکمل ہونے پر ہی مقابلوں کا آغاز ہوگا،قبل ازیں 4یا 5جون کو آغاز کا پلان بنایا گیا تھا، جمعرات کو اڑان بھرنے کے پیش نظر کھلاڑی اور دیگر ارکان رخت سفر باندھ چکے ہیں۔

شیڈول کا اعلان بھی جمعرات کو ہوگا، پی سی بی ذرائع کے مطابق ویزے جاری ہونے پر فاف ڈوپلیسی سمیت جنوبی افریقی کرکٹرز بھی ابوظبی کیلیے عازم سفر ہوں گے، ڈیوڈ ملر، رائلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، مائیکل اسمتھ کے ساتھ کوچ ہرشل گبز کی بھی آمد ہوگی، قومی آل راؤنڈر محمد نواز کو جنوبی افریقہ سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظبی پہنچنے کے لیے ویزا جاری ہوگیا، یاد رہے کہ ’’سی‘‘ کیٹیگری میں شامل ہونے کی وجہ سے بھارت اور جنوبی افریقہ سے آنے والوں کیلیے یو اے ای حکومت سے خصوصی اجازت حاصل کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔