چترال میں مسافر گاڑی دریا میں گرنے سے 9 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 31 مئ 2021
 اسرار احمد، ڈرائیور مغل خان، امید نبی اور دو خواتین تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو حکام۔ فوٹو:ایکسپریس

اسرار احمد، ڈرائیور مغل خان، امید نبی اور دو خواتین تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو حکام۔ فوٹو:ایکسپریس

چترال: اوناوچ میں پل عبور کرتے ہوئے مسافر ٹویوٹا گاڑی دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لوئر چترال شہر سے یارخون جانے والی ٹویوٹا گاڑی اوناوچ میں پل عبور کرتے ہوئے دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 افراد ڈوب گئے، جن میں سے 9 افراد جاں بحق اور دو افراد معجزانہ طور پر بچ نکلے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور آپریشن میں حصہ لیا، آپریشن کے دوران حادثے کا شکار گاڑی اور دیدار الدین، سلطان خان اور اعجاز ولی نامی افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جب کہ افتاج نامی شخص کی لاش پاور یار خون کے مقام پر مقامی لوگوں نے نکال کر آبائی گاؤں منتقل کردی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دریا میں لاپتہ ہونے 9 افراد میں سے 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ 5 افراد لاپتہ ہیں، حادثے میں بچ جانے والے افراد کے مطابق لاپتہ افراد میں اسرار احمد، ڈرائیور مغل خان، امید نبی اور دو خواتین شامل ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔