پاکستان کا بھارت میں یورینیم کی اسمگلنگ کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ

ویب ڈیسک  جمعـء 4 جون 2021
جوہری مواد کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جائیں، دفتر خارجہ۔ (فوٹو فائل)

جوہری مواد کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جائیں، دفتر خارجہ۔ (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں دوسری مرتبہ یورینیم کی اسمگلنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں کارفرما عزائم کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ بھارت میں چھ کلوگرام یورینیم کی غیرقانونی فروخت کی کوشش کے ایک اور واقعے کی رپورٹس منظر عام پر آگئی، گزشتہ واقعے میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سات کلوگرام یورینیم کی فروخت کی کوشش کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت میں ایسے واقعات اور رپورٹس سخت تشویش کا باعث ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1540 اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا جوہری مواد کی فزیکل پروٹیکشن کنونشن  تمام ریاستوں کو جوہری مواد کے غلط ہاتھوں استعمال روکنے کے لئے ریاستوں کو پابند بناتے ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے اور جوہری مواد کو غلط سمت جانے سے روکنے اوراس کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئےاقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی سراغ لگایا جائے کہ یورینیم کی فروخت کی کوشش اور اس کے پیچھے کارفرما عناصر کےمقاصد کیا تھے، یورینیم فروخت کی کوشش کہیں بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی عدم پھیلاؤ کے خلاف مقاصد تو نہیں تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔