بلوچستان کے 33 اضلاع میں 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز

ویب ڈیسک  پير 7 جون 2021
بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 10 ہزار 553 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں فوٹو: فائل

بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 10 ہزار 553 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں فوٹو: فائل

 کوئٹہ: بلوچستان کے 33 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے 33 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ انسدا پولیو مہم کے دوران صوبے بھر کے تقریبا 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے صوبے بھر میں تقریباً 10 ہزار 553 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائیں گی جبکہ 941 فکسڈ پوائنٹ اور 559 ٹرانزٹ سینٹر بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 8 ہزار 692 موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

انساد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز اور ٹیموں کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان بھی تیار کیا گیا ہے، ہر ٹیم کے ہمراہ پولیس ایف سی اور لیویز کے جوان موجود رہیں گے اور انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کریں گے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ رواں برس صوبے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد خاص طور پر علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران عوام میں شعور و آگاہی پیدا کریں اور والدین سے التماس کریں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہم اپنے صوبے اور ملک کو اس موذی مرض سے پاک کرکے پاکستان کو پولیو فری ممالک کی صف میں کھڑا کر سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔