علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے بہت پچھتایا، یاسر نواز

ویب ڈیسک  پير 7 جون 2021
یاسر نواز نے اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں شرکت کی

یاسر نواز نے اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں شرکت کی

کراچی: نامور اداکار و ہدایتکار یاسر نواز کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پچھتارہے ہیں۔

ہدایت کار یاسر نواز نے اپنی اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں شرکت کی جہاں میزبان احسن خان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یاسر نواز نے حیران کن انکشافات کیے۔

احسن خان نے سوال پوچھا کہ اداکار یاسر نواز کو کس کے ساتھ کام کرنے میں مشکل پیش آئی ؟

جس پر یاسر نواز کا کہنا تھا کہ اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگیا تھا اور پچھتانے لگا کہ میں نے آخر اس ڈرامے کو سائن ہی کیوں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کسی فلم یا ڈرامے میں کوئی کردار نبھاتے ہیں تو ہمیں وہاں پر اپنی نجی زندگی کو نہیں لانا چاہیے تاہم اس ڈرامے کے دوران میں بہت پریشان ہوگیا تھا۔

ہدایت کار نے انکشاف کیا کہ ڈرامے کی کامیابی پر پروڈکشن کی جانب سے اقساط بڑھانے کا کہا گیا لیکن میں نے انکار کردیا کہ نہیں میں مزید کام نہیں کرنا چاہتا البتہ کچھ قسطیں کم کرنی ہیں تو بات کریں۔

واضح رہے کہ اداکار یاسر نواز نے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ کام کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔