کینیڈین نوجوان نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا، 4 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 8 جون 2021
ملزم نے جان بوجھ کرمسلمان خاندان پرحملہ کیا جب کہ ملزم کا یہ اقدام مذہبی منافرت پرمبنی تھا، کینیڈین پولیس۔ فوٹو: اے پی

ملزم نے جان بوجھ کرمسلمان خاندان پرحملہ کیا جب کہ ملزم کا یہ اقدام مذہبی منافرت پرمبنی تھا، کینیڈین پولیس۔ فوٹو: اے پی

کینیڈا: ریاست اونٹاریو میں ایک نوجوان نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی ریاست اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک 20 سالہ نوجوان نیتھینیل ویلٹمین نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں اس خاندان کے چاروں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک 9 سالہ بچہ شدید زخمی ہوا۔

کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین کو گرفتار کرلیا ہے، اس نے جان بوجھ کر فٹ پاتھ پر انتظار میں کھڑے خاندان پرحملہ کیا جب کہ ملزم کا یہ اقدام مذہبی منافرت پرمبنی تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، جن کی عمریں 74 اور 44 سال، ایک 46 سالہ شخص اور ایک 15 سالہ لڑکی شامل ہیں جب کہ اس خاندان کا تنہا زندہ بچ جانے والا ایک 9سالہ لڑکا شدید زخمی حالت میں اسپتال موجود ہے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ جان لیں ہم لندن سمیت پورے ملک کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کینیڈا میں اسلاموفوبیا کیلیے کوئی جگہ نہیں اور یہ نفرت قابل مذمت ہے، اسے روکنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لندن سے موصول ہونیوالی خبروں سے گھبرا گیا ہوں اور ان لوگوں کے پیاروں کو جو نفرت انگیز حرکتوں سے گھبرائے ہوئے تھے ان کیلیے حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس زخمی بچے کیلیے حاضر ہیں جو کہ اسپتال زیر علاج ہے اور کہا کہ جیسے ہی تم صحتیاب ہوجاؤ گے ہمیں یاد رہو گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔