سوشل میڈیا پر لفظی گولہ باری کے بعد بشریٰ انصاری کی جنت مرزا کو نصیحت

ویب ڈیسک  منگل 8 جون 2021
ہمارے آس پاس جو کچھ بھی ہورہا ہے اس پر افسوس ہے، بشریٰ انصاری فوٹوفائل

ہمارے آس پاس جو کچھ بھی ہورہا ہے اس پر افسوس ہے، بشریٰ انصاری فوٹوفائل

کراچی: سوشل میڈیاپر لفظی گولہ باری کے بعد بشریٰ انصاری نے ٹاک ٹاکر جنت مرزا کو نصیحت کی ہے۔

چند ورز قبل ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کے خلاف مسیحی برادری کے جذبات مجروح کرنے پر ایف آئی اے میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے جنت مرزا تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی اور انہیں جاہل اسٹارز قرار دیتے ہوئے کہاتھا ’’افسوس انہیں اسلام کا پتہ ہے نہ کسی اور مذہب کا‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر جنت مرزا اور بشریٰ انصاری آمنے سامنے

لیکن بات یہاں ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ جنت مرزا، ان کی بہن الیشبا انجم اور ان کے دوست ٹاک ٹاک عمر بٹ نے بشریٰ انصاری کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا اور کہا تھا’’اماں جی (آنٹی بشریٰ) مہربانی کرکے کچھ بھی جانے بغیر کسی کے بارے میں فیصلہ نہ کریں۔ میں آپ کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن آپ حقیقت جانے بغیر کسی کو اس طرح بدنام نہیں کرسکتیں۔ اسلام کی بات آپ کیسے کرسکتی ہیں آنٹی آپ کوئی تبلیغی جماعت نہیں چلارہیں۔‘‘

اور اب بشریٰ انصاری نے اس بارے میں اپنا موقف بیان کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز انسٹاگرام  پر ایک طویل پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے جنت مرزا تنازع پر تبصرہ کیوں کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے لکھا ’’ہمارے آس پاس جو کچھ بھی ہورہا ہے اس پر افسوس ہے۔ میں نے ایک تصویر دیکھی جس میں اقلیتوں کی بدنامی دیکھ کر فوراً جذباتی ہوگئی یہ جانے بغیر کہ یہ جنت مرزا کی غیر ارادی غلطی تھی اور وہ اس کے لیے معافی بھی مانگ چکی تھی۔ میں نے یہ تصویر دیر سے دیکھی اور میں صرف یہ بتانا چاہتی تھی کہ اسلام دیگر مذاہب کا بھی احترام کرنے کا سبق دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنت مرزا کیخلاف مسیحی برادری کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درخواست

بشریٰ انصاری نے کہا میں اس سے قبل جنت مرزا کا نام بھی نہیں جانتی تھی لیکن جب میں نے لوگوں کے کمنٹس دیکھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جنت مرزا معافی مانگ چکی ہے، میں نے فوراً اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔ لہذا بچوں اپنے رویے کو دیکھو۔ یہ ایک کنفیوژن تھی بالکل ایسی جیسے جنت مرزا نے اقلیتوں کو ٹھیس پہنچا کر کی تھی حالانکہ اسے یہ احساس ہی نہیں تھا کہ وہ انجانے میں اقلیتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا میں اسلام نہیں سیکھا رہی لیکن ہمیں بس انسان بننا اور انسانیت کی عزت کرنی ہوگی۔ نوجوان ہم سے زیادہ زندگی سے لطف اندوز ہوں گے لیکن جب بڑے آپ کو آپ کی غلطیوں کے لیے ڈانٹیں تو آپ کو ان کی عزت کرنی ہوگی۔‘‘

دوسری جانب جنت مرزا نے بھی بشریٰ انصاری سے معافی مانگ لی ہے انہوں نے کہا آپ کے کہے گئے الفاظ میرے اور میری فیملی کے لیے بہت سخت تھے۔ ہم نے صرف چیزوں کو واضح کرنے کے لیے ردعمل دیا۔ ہمیں اپنے بڑوں کی عزت کرنی چاہئے لیکن اپنے چھوٹوں کو بھی پیار سے ٹریٹ کرنا چاہئے۔ آپ پیار سے سمجھاتیں میں ہزار دفعہ معذرت کرلیتی سب کے سامنے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔