جعلی اکاؤنٹ کیس؛ حسین لوائی سمیت تین مرکزی ملزمان کی ضمانتیں منظور

ویب ڈیسک  منگل 8 جون 2021
حسین لوائی اور طحہ رضا تین سال سے جبکہ ملزم عمیر دو سال سے جیل میں قید تھا۔

حسین لوائی اور طحہ رضا تین سال سے جبکہ ملزم عمیر دو سال سے جیل میں قید تھا۔

 اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گرفتار تین مرکزی ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی، نجی بینک کے کارپوریٹ ہیڈ طحہ رضا اور عمیر کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ حسین لوائی اور طحہ رضا تین سال سے جبکہ ملزم عمیر دو سال سے جیل میں قید تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی گرفتار

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ضمانتیں منظور کیں۔ حسین لوائی کی دونوں ریفرنس میں ضمانت منظور ہوئی جبکہ ملزم طحہ رضا اور عمیر کو ایک ایک ریفرنس میں رہائی ملی۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو دس دس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔