سندھ حکومت کا بجٹ میں کراچی کے لیے 10 نئے میگا منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 8 جون 2021
سندھ کے بجٹ میں کراچی کی میگا اسکیمز کے لیے 24 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے (فوٹو: فائل)

سندھ کے بجٹ میں کراچی کی میگا اسکیمز کے لیے 24 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے (فوٹو: فائل)

 کراچی: سندھ حکومت نے بجٹ میں کراچی کے لیے 10 نئے میگا منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 22-2021ء کے لیے سندھ کے بجٹ میں کراچی کی میگا اسکیمز کے لیے 24 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ میگا اسکیمز میں فراہمی آب کی تین اور شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہوں گے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق ملیر، لیاری سمیت ضلع وسطی کے لیے صوبائی بجٹ میں اسکیمیں شامل کی جارہی ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن اور کیماڑی کے لیے بھی منصوبے صوبائی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافے کی تجویز ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی بیس فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ تنخواہوں میں اضافہ پے اسکیل کے مطابق کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے بسوں کی خریداری کی مد میں تین ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، صوبائی ترقیاتی پروگرام کی مد میں 180 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے جب کہ  سندھ کے بجٹ میں لیاری کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 57 فیصد صحت، تعلیم, سوشل پروٹیکشن کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل صوبائی کابینہ بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی۔ محکمہ تعلیم کی اسکولز کی تعمیر و مرمت ،بنیادی سہولیات کی فراہمی کی اسکیمیں بھی صوبائی بجٹ میں شامل ہیں۔

سندھ کے 10 اضلاع میں امراض قلب کے ایمرجنسی یونٹس کا قیام صوبائی بجٹ کا حصہ ہے۔ محکمہ توانائی کی 5 نئی اور 3 جاری اسکیمز کے لیے 7060 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کا بجٹ 15 جون کو پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔