حکومت نے ڈیزل پر مہنگی بجلی بناکر اپنے اے ٹی ایمز کو ریلیف دیا، شہباز شریف

ویب ڈیسک  بدھ 9 جون 2021
موجودہ حکومت کو 1200 ارب گردشی قرض والا ملک ملا تھا جسے انہوں نے 2800 ارب پر پہنچا دیا، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

موجودہ حکومت کو 1200 ارب گردشی قرض والا ملک ملا تھا جسے انہوں نے 2800 ارب پر پہنچا دیا، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے ڈیزل پر مہنگی بجلی بناکر عوام کے بجائے اے ٹی ایمز کو ریلیف دیا، اگر کام نہیں ہوتا تو گھرچلے جائیں لیکن عوام کو اذیت نہ دیں۔

ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سسٹم میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ تشویشناک اور نااہلی کی انتہاء ہے، عوام گرمی سے بلک رہے ہیں، اسکول کے بچے بے ہوش ہورہے ہیں، یہ صورتحال افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اگر کام نہیں ہوتا تو گھرچلے جائیں، عوام کو گرمی کی اذیت میں مزید تکلیف نہ دیں، اگر عمران خان کے بس میں کچھ نہیں تو پارلیمان کی کمیٹی بنادی جائے تاکہ عوام کو کچھ تو ریلیف ملے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ  ہم نے 14000 میگاواٹ اضافی بجلی بنا کر روشن پاکستان بنایا تھا، 2018 میں سسٹم میں اضافی بجلی موجود تھی اور لوڈ شیڈنگ صفر تھی، صرف پنجاب میں 5500 میگاواٹ بجلی بنائی گئی تھی، 9 سال میں خیبرپختونخوا میں 350 ڈیم نہ بن سکے جہاں سے پورے پاکستان کو بجلی سپلائی ہونا تھی، ایک نیا یونٹ بنانا تو دور کی بات 3 سال میں پورے پاکستان کی بجلی کی سپلائی بھی بحال نہ رکھ سکے، صفر لوڈ شیڈنگ والا پاکستان بھی نہ چلا سکے، عمران خان عوام کو لوڈ شیڈنگ والے نئے پاکستان میں لے آئے ہیں۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان کو لائن لاسز میں کمی والا پاکستان ملا لیکن یہ حکومت لائن لاسز میں کمی برقرار نہ رکھ سکی، 2018 میں یہ 93 فیصد بجلی کے بل وصول کرنے والا پاکستان تھا، موجودہ حکومت نے اسے 82 فیصد پر پہنچا دیا، موجودہ حکومت کو کم لاگت سے بجلی پیدا کرنے والا ملک ملا، لیکن اس نے ڈیزل پر مہنگی بجلی بناکرعوام کے بجائے اے ٹی ایمز کو ریلیف دیا،  حکومت کو 1200 ارب گردشی قرض والا ملک ملا تھا جسے انہوں نے 2800 ارب پر پہنچا دیا، حکومت اب کوئی نیا بہانہ تلاش کرے گی، نیا جھوٹ گھڑے گی، نیا الزام اور فریب کی نئی داستان لکھے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔