بجٹ 22-2021؛ سندھ حکومت کا ترقیاتی پروگرام کے لئے 200 ارب کی رقم رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
ٹرانسپورٹ کے لئے 7 ارب 12 کروڑ80 لاکھ روپے کا بجٹ ہوگا، فوٹو:فائل

ٹرانسپورٹ کے لئے 7 ارب 12 کروڑ80 لاکھ روپے کا بجٹ ہوگا، فوٹو:فائل

کراچی: سندھ میں نئے مالی سال کا بجٹ 15جون کو پیش کیا جائےگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی بجٹ تیاریاں جاری ہیں، اور نئے مالی سال کا بجٹ 15 جون کو پیش کیا جائے گا۔ ذرائع سندھ حکومت نے  بتایا ہے کہ نئے مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 200 ارب کی رقم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 180 ارب صوبائی اے ڈی پی جب کہ 20 ارب مختلف اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کے لئے ہوں گے، 55 ارب عالمی اداروں جب کہ 24 ارب وفاق سے ملنے کا امکان ہے۔ ترقیاتی پروگرام کی رقم پچھلے سال 170 ارب روپے تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں تعلیم، صحت، ورکس اینڈ سروسزسمیت مختلف محکموں کا بجٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت تعلیمی شعبے کا بجٹ 21 ارب سے بڑھا کر24 ارب اور محکمہ صحت کا بجٹ 23.5 سے بڑھا کر 30 ارب کیا جائے گا، محکمہ ثقافت وسیاحت کے لئے ڈیڑھ ارب کی رقم مختص کی گئی ہے، جب کہ سندھ اسمبلی کو 30 کروڑ ترقیاتی بجٹ ملے گا۔

ذرائع سندھ حکومت کے مطابق 74 منصوبے 70 فیصد مکمل ہیں اور ان کو سو فیصد فنڈز دے کرمکمل کیا جائے گا، محکمہ سرمایہ کاری کے لئے 25کروڑ، زکوۃ و عشر کے لئے 40کروڑ روپے رکھے جائیں گے، محکمہ محنت کے لئے 10 کروڑ جب کہ ترقی نسواں کے لئے 20 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ ہوگا، اس کے علاوہ محکمہ داخلہ کے لئے 9 ارب جب کہ محکمہ صنعت کے لئے 2 ارب کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے، لائیو اسٹاک فشریز کے لئے ایک ارب 80 کروڑ اور اقلیتی امور کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

محکمہ اطلاعات کے لئے 20 کروڑ جب کہ ٹرانسپورٹ کے لئے 7 ارب 12 کروڑ80 لاکھ روپے کا بجٹ ہوگا، محکمہ ماحولیات کے لئے ایک ارب 20 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائے گا، محکمہ قانون کے لئے 1.5 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے اور محکمہ کھیل اور امورنوجوانان کے لئے دوارب 80 کروڑ روپے رکھنے کی تجویزہے، یونیورسٹیز بورڈز کے لئے 4 ارب 30 کروڑ جب کہ محکمہ زراعت کا بجٹ دو ارب 67  کروڑ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔