آئندہ دو روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
ہفتے تک صبح اور رات کے اوقات میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

ہفتے تک صبح اور رات کے اوقات میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام کے لئے محکمہ موسمیات کی جانب سے اچھی خبر ہے کہ آئندہ 2 روز میں ملک کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور کہا گیا ہے کہ بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں واضح کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز شام یا رات سے مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور اسی روز سے پیر کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد ، منڈی بہاوٴالدین، نارووال، سیالکوٹ، لاہور اور قصور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ ہفتے اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات نے  بتایا کہ جمعے اور ہفتے کے درمیان مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ اور کوہستان میں اندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی ہے، جب کہ ہفتے کی شام یا رات سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بارکھان، موسی خیل اور ژوب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر فار ہیٹ ویو نے کراچی کے لئے ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگلے تین روز کے دوران شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اور اگلے چند روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے تک صبح اور رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے اور سمندر کی ہوائیں مسلسل بحال رہنے کی توقع ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔