کراچی میں سنار کی دکان میں چوری کی واردات میں ملازم ہی ملوث نکلا

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
پولیس ملزم کے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارہی ہے۔(فائل فوٹو)

پولیس ملزم کے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارہی ہے۔(فائل فوٹو)

 کراچی: کراچی میں سنار کی دکان میں چوری کی واردات کا معمہ حل ہوگیا۔ چوری میں دکان کا ملازم ہی ملوث نکل آیا۔

پولیس کے مطابق 29 مئی کو عید گاہ کے علاقے میں قائم سنار کی دکان میں چوری کی واردات پیش آئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا، مقدمے میں دکان کے مالک نے اپنےبیان میں کہا کہ دکان سے190 گرام سونے جبکہ 587 کلو گرام چاندی کے زیورات کے علاوہ ایک لاکھ 75 ہزار روپے نقد چوری ہوئے۔

پولیس حکام نے جب تحقیقات کا آغاز کیا تو سب سے پہلے دکان کے ملازمین کے بارے میں معلومات حاصل کیں، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ایک ملازم عاقب نے چند ماہ قبل ہی ملازمت اختیار کی ہے،پولیس نے جب عاقب کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا تو ملزم نے چوری کا اعتراف کرلیا۔

ملزم عاقب نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ دکان میں چوری اسی نے کی اور دکان میں اتنا سونا دیکھ کر اس کی نیت خراب ہوگئی تھی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر زیورات برآمد کرلیے جبکہ نقد رقم اس نے اپنے ایک دوست کے گھر رکھوائی تھی جو اب فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عاقب کے دوست دانش کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔