شان نے بھری محفل میں ہنی سنگھ کو پہچاننے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ ہنی سنگھ اتنے بدل جائیں گے، گلوکار۔ (فائل فوٹو)

میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ ہنی سنگھ اتنے بدل جائیں گے، گلوکار۔ (فائل فوٹو)

 ممبئی: بھارتی گلوکار شان نے بھری محفل میں معروف ریپر یو یو ہنی سنگھ کو پہچاننے سے انکار کردیا۔

’چاند سفارش جو کرتا ہماری‘ کے گلوکار شان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ مجھے بھولنے کی عادت ہے، جب میری ملاقات یو یو ہنی سنگھ سے ہوئی تو میں انہیں پہچان نہیں سکا۔

گلوکار شان نے کہا کہ میں نے یو یو ہنی سنگھ کو صرف ٹیلی ویژن پر دیکھا تھا، ان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی، ٹی وی پر ہنی سنگھ دبلے پتلے دکھائی دیتے تھے، میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ وہ بعد میں بالکل بدل جائیں گے۔

گلوکار شان نے کہا کہ ایک مرتبہ پارٹی میں جانے کا اتفاق ہوا جہاں ہنی سنگھ بھی موجود تھے، وہ مجھے دیکھتے ہی میرے پاس آئے اور بہت محبت سے ملے، یو یو ہنی سنگھ نے کہا کہ ’سر میں گلوکاری میں آپ کو فالو کر رہا ہوں‘، اس پر میں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور وہاں سے چل پڑا۔

انہوں نے کہا کہ تھوڑی ہی دیر بعد ایک بیوقوف کی طرح میں نے خود سے سوال کیا کہ یہ شخص کون تھا؟ میں دوبارہ ہنی سنگھ کے پاس گیا اور کہا ’معذرت، میں نے آپ کو پہچانا نہیں‘، یہ سنتے ہی وہ ناراض ہوگئے، اس پر میں نے خود کو بہت کوسا کہ میں نے ایسا کیوں کیا۔

اس سے قبل اپریل میں گلوکار شان نے ایک انٹرویو کے دوران یو یو ہنی سنگھ پر تنقید کی تھی۔ گلوکار نے کہا تھا کہ ہنی سنگھ کی موسیقی میں کوئی اثر نہیں، ہنی سنگھ کسی کو متاثر نہیں کرسکتے، بہت کم لوگ ہیں جو ہنی سنگھ کو سمجھتے ہیں، ان کے گانوں میں موسیقی کا نام و نشان تک نہیں، ہر کوئی ریپر بن سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔