روس ایران کو جدید سیٹیلائٹ سسٹم دینے کی تیاری کررہا ہے، امریکی اخبار

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جون 2021

روسی ساختہ سیٹیلائٹ سے ایران امریکی اور اسرائیلی ملٹری بیس پر گہری نظر رکھ سکے گا، امریکی ماہرین

روسی ساختہ سیٹیلائٹ سے ایران امریکی اور اسرائیلی ملٹری بیس پر گہری نظر رکھ سکے گا، امریکی ماہرین

 واشنگٹن: روس نے پڑوسی ممالک پر نظر رکھنے کے لیے ایران کو سیٹیلائٹ سسٹم دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق روس ایران کو جدیدترین سیٹیلائٹ سسٹم دینے کی تیاری کررہا ہے جس کی مدد سے ایران اپنے پڑوسی ممالک بالخصوص عراق میں قائم امریکی ملٹری بیس، سعودی آئل فیلڈز اور اسرائیلی ملٹری بیس پر گہری نظر رکھ سکے گا۔

مشرق وسطیٰ کے حالات پر نظر رکھنے والے سابق اور موجودہ امریکی حکام کے مطابق روسی ساختہ سیٹیلائٹ (Kanopus-V) میں انتہائی جدید ہائی ریزولوشن کیمراز لگے ہوئے ہیں جس کے استعمال سے ایران کی جاسوسی کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا جبکہ ممکنہ طور پر اس کی منتقلی ایک مہینے کے اندر ممکن ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی کمانڈر 2018 سے متعدد بار سیٹیلائٹ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے روس کا دورہ کرچکے ہیں جب کہ چند روز قبل روسی ماہرین نے بھی ایرانی عملے کو تربیت دینے کے لیے ایران کا دورہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔