کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ (ن) نے بگاڑا، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  اتوار 13 جون 2021
احتساب کے عمل سے گزرنے والے کو صفائی کا موقع دیا جائے گا، شاہ محمود قریشی  فوٹو: فائل

احتساب کے عمل سے گزرنے والے کو صفائی کا موقع دیا جائے گا، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ (ن) نے بگاڑا۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتقام نہیں ، صاف اورشفاف احتساب پر یقین رکھتےہیں، ہم کسی کی بلاوجہ پگڑی اچھالنے اور احتساب کے قائل نہیں ہیں، احتساب کے عمل سے گزرنے والے کو صفائی کا موقع دیا جائے گا۔ عمران خان این ار او یا مک مکا نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امریکا کو ہوائی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں، امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے چیف کا دورہ کوئی خفیہ نہیں، یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ نہیں۔

کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف اپیل سے متعلق قانون سازی پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ (ن) نے بگاڑا، ہم عالمی عدالت کی سفارشات پرعمل درآمد کررہے ہیں، عالمی عدالت کی تجویز پر ہم نے کلبھوشن سے متعلق اقدامات اٹھائے، بھارت چاہتا ہے کہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دی جائے اور پاکستان کودوبارہ عالمی عدالت میں لے جائے۔ امید ہے اپوزیشن ناسمجھی کا مظاہرہ نہیں کرے گی اور اپوزیشن ارکان بھارت کی چالوں کو پہچانیں گے۔

بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ منی بجٹ نہیں لارہے، احسن اقبال پہلے بجٹ کتاب کا مطالعہ کریں پھر تنقید کریں۔

چین کے خلاف جی سیون مملک کے اقدامات سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقدام جن سےترقی پزیرممالک میں ترقی ہو اس سے ہمیں خوشی ہوگی، ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے منصوبےکےاقدام سےچین کو کوئی خطرہ نہیں، چین سی پیک کا اپنا کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا، جی سیون ممالک اس طرح کے پروجیکٹ کرنا چاہتےہیں تو یہ اچھا مقابلہ ہوگا۔

ملتان میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کےتمام اضلاع میں وزیراعظم کےحکم پرڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیاں بنائی گئی، کمیٹیاں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گی، ملتان میں البدر پارک بنانے پر خطیررقم خرچ کررہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔