ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار تصادم میں زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 13 جون 2021
ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کے زخمی ہونے کے باعث میچ تاخیر سے شروع کیا گیا

ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کے زخمی ہونے کے باعث میچ تاخیر سے شروع کیا گیا

ڈھاکا: بنگلادیش میں فیکٹری ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار بھی زخمی ہوگئے۔ 

ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ آفیشلز میچ کروانے کے لیے بنگلادیش کے نیشنل اسپورٹس انسٹیٹیوٹ کا رخ کررہے تھے جہاں ایونٹ کے دو میچز شیڈول تھے تاہم انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث بدترین ٹریفک جام تھا جس میں یہ عہدیدار بھی پھنس گئے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق چند شرپسند عناصر نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس سے ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تاہم گاڑی کے اندر موجود میچ آفیشلز پولیس اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی آفیشلز کی مدد سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ آل راونڈر شکیب الحسن پر تین میچز کی پابندی اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ

رپورٹ کے مطابق تصادم کے دوران ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیداروں کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم وہ پولیس کی مدد سے نیشنل اسپورٹ انسٹیٹوٹ آف بنگلادیش پہنچنے میں کامیاب رہے تاہم میچ آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔

واضح رہے گزشتہ روز ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ میں بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے امپائر سے بدتمیزی کی تھی اور وکٹوں کو لات بھی ماری تھی جس کی وجہ سے ان پر 3 میچوں کی پابندی اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔