مجھے خلیل الرحمان قمر جیسے لوگ پسند نہیں جوعورتوں کو بدنام کرتے ہیں، سونیا حسین

ویب ڈیسک  بدھ 16 جون 2021
خلیل الرحمان قمر  کی پڑھائی ٹھیک ہے لیکن انہیں اس بارے میں بھی پڑھنے کی ضرورت ہے کہ عورتوں کے کیا حقوق ہیں  ، سونیا حسین فوٹوفائل

خلیل الرحمان قمر کی پڑھائی ٹھیک ہے لیکن انہیں اس بارے میں بھی پڑھنے کی ضرورت ہے کہ عورتوں کے کیا حقوق ہیں ، سونیا حسین فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ انہیں خلیل الرحمان قمرجیسے لوگ پسند نہیں جو عورتوں کو بدنام کرتے ہیں۔

اداکارہ سونیا حسین حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جشن کرکٹ میں شریک ہوئیں۔ جہاں انہوں نے معروف مصنف اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سونیا حسین نے حال ہی میں فردوس عاشق اعوان اور قادر مندوخیل معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ٹی وی پر لائیو شو میں آکر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اب جیسے خلیل الرحمان قمر صاحب ہیں وہ لائیو ٹی وی پر آکر عورتوں کے بارے میں کس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے جب آپ ٹی وی پر ہوں تو آپ لوگوں کے بارے میں اپنے نظریات خود تک محدود رکھیں۔

سونیا حسین نے کہا خلیل الرحمان قمر ٹی وی پر آکر عورتوں کے بارے میں جو باتیں کرتے ہیں وہ بہت غلط ہیں اور مجھے بالکل پسند نہیں۔ میرے خیال میں خلیل الرحمان قمر  کی پڑھائی ٹھیک ہے لیکن انہیں اس بارے میں بھی پڑھنے کی ضرورت ہے کہ عورتوں کے کیا حقوق ہیں  اور عورتوں کے اتنے ہی حقوق ہیں جتنے آپ مردوں کے لیے لکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا حسین نے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو ٹھکرانے کی وجہ بتادی

میزبان نے سونیا حسین سے کہا کہ خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انہوں نے ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں سونیا حسین کو کام کرنے کی پیشکش نہیں کی تھی کیونکہ ان کے نزدیک سونیا کا وہ کیلیبر ہی نہیں کہ وہ میرے لکھے گئے ڈرامے میں کام کرسکیں۔

اس بات پر سونیا حسین  نے کہامیں خلیل الرحمان قمر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ جو انسان اپنے الفاظ کے ساتھ سچا نہیں ہے اس کے بارے میں بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اور یہ تو آپ کو خلیل الرحمان بتائیں گے کہ انہوں نے مجھے کتنی بار اپنے پروجیکٹ میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے اور ابھی تک کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا حسین ابھی اس قابل نہیں کہ میرے اسکرپٹ پر اداکاری کرسکیں، خلیل الرحمان قمر

سونیا حسین نے مزید کہا خلیل الرحمان قمر ایک مصنف ہیں اور ان کے پاس کرداروں کو کاسٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔ مجھے تو خلیل الرحمان قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگا ہے۔ مجھے اس طرح کے لوگ پسند نہیں ہیں جو عورتوں کو بدنام کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سونیا حسین نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا پاکستان  میں کئی ریکارڈ توڑنے اور بنانے والے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘میں عائزہ خان والا کردار پہلے انہیں آفر ہوا تھا لیکن انہوں نے اس ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بعدا زاں خلیل الرحمان قمر کا اس بارے میں کہنا تھا کہ جب  ڈراما ہٹ ہوگیا تو کوئی بھی اس کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے میں کہتاہوں کہ مجھے امریکا کا صدر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے منع کردیا اور کہا کہ ٹرمپ کو موقع دیں، کہنے کو تو کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ ابھی سونیا حسین اس قابلیت پر نہیں پہنچیں کہ میرااسکرپٹ کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔