امریکی صدر نے پاکستانی نژاد لینا خان کو اہم عہدہ سونپ دیا

ویب ڈیسک  بدھ 16 جون 2021
لینا خان ایف ٹی سی کی سب سے کم عمر سربراہ بن گئیں، فوٹو: فائل

لینا خان ایف ٹی سی کی سب سے کم عمر سربراہ بن گئیں، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی نژاد خاتون کو اعلیٰ وفاقی ریگولیٹری اتھارٹی ’’فیڈرل ٹریڈ کمیشن‘‘ کا سربراہ مقرر کردیا ہے 32 سالہ لینا خان اس عہدے پر فائز ہونے والوں میں سب سے کم عمر ہیں۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے سربراہ کے لیے ایمازون، فیس بک، ایپل اور گوگل کی ناقد لینا خان کا انتخاب کرلیا ہے۔ 32 سالہ پاکستانی نژاد ماہر قانون لینا خان کی بطور سربراہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی منظوری سینیٹ نے بھی رائے شماری کے ذریعے دیدی ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق لینا خان لندن میں پاکستانی گھرانے میں پیدا ہوئیں اور جب وہ 11 سال کی ہوئیں تو والدین نے لندن سے امریکا میں سکونت حاصل کرلی۔ لینا خان کولمبیا یونیورسٹی کے لاء اسکول میں پروفیسر رہی ہیں تاہم انہیں شہرت ٹیکنالوجی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ایمازون کیخلاف مقالے ’’ایمازون اینٹی ٹرسٹ پیراڈوکس‘‘ سے ملی تھی۔

لینا خان گوگل، فیس، ایپل اور ایمازون سمیت کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اینٹی ٹرسٹ ہونے پر کافی تنقید کرتی آئی ہیں جب کہ 2019 اور 2020 میں بھی انہوں نے ہاؤس جوڈیشری اینٹی ٹرسٹ پینل کے وکیل کی حیثیت سے دو طرفہ تحقیقات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ لینا خان امریکا کے ریگولیٹری اتھارٹی ’’ایف ٹی سی‘‘ کی سب سے کم عمر سربراہ بن گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔