کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کا بیٹا قتل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 جون 2021
مقتول رضا ذوالفقار کی یاد گار تصویر

مقتول رضا ذوالفقار کی یاد گار تصویر

 کراچی: الفلاح تھانےکےعلاقے ملیرجامعہ ملیہ روڈ پرموٹرسائیکل پرسوار2 نامعلوم ملزمان نے دن دیہاڑے گاڑی پرفائرنگ کرکے شہری کوقتل کردیا۔

مقتول جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کے بیٹے تھے، پولیس نے فائرنگ کے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دے دیا۔

مقتول کی شناخت 32 سالہ رضا ذوالفقارولد محمد ذوالفقارکے نام سے کرلی گئی جو مکان نمبر 6 گلفشاں سوسائٹی ملیرکا رہائشی تھااور ملیر عظیم پورہ میں رحمن اسٹیل اینڈ سیمنٹ کا کاروبارکرتا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او راشد الرحمان نے بتایاکہ مقتول رضا ذوالفقار اپنے گھر سے دفتر جا رہےتھے اور ملیر جامعہ ملیہ روڈ پر گاڑی جیسے ہی دائیں جانب موڑی تو موٹر سائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے تعاقب کرنے کے بعد ان پر اندھا دھند فائرنگ کی اورفرارہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان کی جانب سے 3 سے 4 فائر کئے گئے ہیں اور مقتول کوجسم پردو گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں اور پولیس نے جائے وقوع سے9ایم ایم پستول کے 2خول قبضے میں لے لیے ہیں جنہیں تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مقتول کےوالد ماضی میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم رہے ہیں اورمقتول رضاکے قتل کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

ادھرپولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول رضا ذوالفقار اپنی گاڑی میں جامعہ ملیہ روڈ سے جیسے ہی دائیں جانب مڑتے ہیں توپیچھا کرتے ہوئے آنے والے ملزمان نے موقع دیکھ کر گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے مقتول رضا ذوالفقارپرفائرنگ کا واقعہ 12 بج کر 12 منٹ پرپیش آیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔