لاہورٹریفک پولیس نے 74 مرتبہ ٹریفک قوانین توڑنے والی گاڑی پکڑ لی

ویب ڈیسک  بدھ 16 جون 2021
ٹریفک پولیس نے نائیجریا سے تعلق رکھنے والے شہری پر بھاری جرمانہ عائد کرکےگاڑی کے کاغذات ضبط کر لیے ہیں۔(فوٹو:ایکسپریس)

ٹریفک پولیس نے نائیجریا سے تعلق رکھنے والے شہری پر بھاری جرمانہ عائد کرکےگاڑی کے کاغذات ضبط کر لیے ہیں۔(فوٹو:ایکسپریس)

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے 74 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کو پکڑلیا ہے، گاڑی غیر ملکی باشندے کے زیر استعمال تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کےخلاف آپریشن جاری ہے، چیکنگ کے دوران غیر ملکی باشندے کے زیر استعمال گاڑی کا ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ مذکورہ گاڑی کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 74 چالان کٹے ہوئے ہیں۔

سٹی ٹریفک آفیسر لاہور منتظر مہدی کے مطابق اس گاڑی کے ڈرائیور نے 43 مرتبہ ٹریفک سگنل، 28 مرتبہ حد رفتار اور 3 مرتبہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کی۔ ان تمام چالان کی مد میں نائیجریا سے تعلق رکھنے والے شہری پر 36 ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد کرکےگاڑی کے کاغذات ضبط کر لیے گئے ہیں۔

منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ ای چالان نادندگان کے خلاف مہم میں  سٹی ٹریفک پولیس کی 17 ٹیمیں کام  کر رہی ہیں اور اب تک 20 ہزار سے زائد گاڑیوں کے کاغذات کو قبضہ میں لیا گیا۔

جب کہ نادہنگان کی شناخت کے لیے ٹریفک وارڈنز کو جدید ڈیوائسز اور پرنٹر بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔