پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شارجہ ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کردی

ویب ڈیسک  پير 20 جنوری 2014
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر ہوئی تھی جبکہ 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز گرین شرٹس کے نام رہی تھی۔ فوٹو:اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر ہوئی تھی جبکہ 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز گرین شرٹس کے نام رہی تھی۔ فوٹو:اے ایف پی

شارجہ: پاکستان نے تیسرا اور آخری ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے جیت کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے فیصلہ کن دن سری لنکا نے5   وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو آئی لینڈرز کو گرین شرٹس پر 220 کی برتری حاصل تھی، کپتان اینجیلو میتھیوز نے 14 اور پرسانا جے وردھنے نے 6 رنز کے ساتھ اننگز دوبارہ شروع کی، 189 رنز پر پاکستان کو اینجیلو میتھیوز کی وکٹ کی صورت میں دن کی پہلی کامیابی ملی، جس کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکا کے کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم 214 رنز پر آؤٹ ہوگئی،اس طرح پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے 302 رنز کا ہدف ملا۔

سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے نے 49، مہیلا جے وردھنے نے 46، کوشل سلوا ن 36 اور اینجیلو میتھیوز نے 31 رنز بنائے، پاکستان کے عبدالرحمان نے 4 جبکہ محمد طلحہ اور سعید اجمل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے بھی شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 103 رنز بنائے، کپتان مصباح الحق نے 68، سرفراز احمد نے 48، اور یونس خان نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ شارجہ ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز برابر کردی ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اظہر علی کو مین آف دی میچ اور اینجلو میتھیوز کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر ہوئی تھی جبکہ 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز گرین شرٹس کے نام رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔