ملک میں کورونا کی شدت میں مزید کمی، فعال مریضوں کی تعداد 36215 رہ گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 17 جون 2021
36 ہزار 215 فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 494 کی حالت تشویشناک ہے، این سی او سی فوٹو: فائل

36 ہزار 215 فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 494 کی حالت تشویشناک ہے، این سی او سی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں بتدریج کمی ہورہی ہے اور اس وقت مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 36 ہزار 215 رہ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 37 ہزار 196 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1119 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 184 ہے جن میں سے 8 لاکھ 87 ہزار 95 شفایاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز کورونا کے قاتل وائرس نے مزید 46 جانوں کی قربانی لے لی، اس طرح اب تک ملک میں 21 ہزار 874 مصدقہ کورونا مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 36 ہزار 215 ہے جو گھروں، اسپتالوں اور کورونا مراکز میں زیر علاج ہیں، فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 494 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن بھی جاری ہے، گزشتہ روز ملک بھر میں 3 لاکھ 69 ہزار 429 افراد کو ویکسین لگائی گئی جن میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 128 افراد کو کورونا کی پہلی جب کہ 97 ہزار 121 افراد کو دوسری خوراک دی گئی۔ اس طرح 16 جون تک ملک میں 62 لاکھ ایک ہزار 218 افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے جب کہ 31 لاکھ 7 ہزار 688 کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔