پی ٹی آئی حکومت میں مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند کیوں ؟ طاہر القادری

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 18 جون 2021
سابق دور میں درج جھوٹی ایف آئی آرز آج بھی قائم ہیں، ریلیوں سے آڈیو لنک خطاب،شہدائے ماڈل ٹاؤن کی7ویں برسی، شہر شہر ریلیاں۔ فوٹو: فائل

سابق دور میں درج جھوٹی ایف آئی آرز آج بھی قائم ہیں، ریلیوں سے آڈیو لنک خطاب،شہدائے ماڈل ٹاؤن کی7ویں برسی، شہر شہر ریلیاں۔ فوٹو: فائل

 لاہور: قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی مگر تحریک انصاف کی حکومت میں مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند کیوں ہیں؟۔

پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر17 جون کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا سے اظہار یکجہتی کرنے کیساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں شہدا کے انصاف کیلیے نکالی جانے والی ریلیوں سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی مگر تحریک انصاف کی حکومت میں مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند کیوں ہیں؟۔

وزیراعظم عمران خان میرے ساتھ مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلیے پریس کانفرنسیں کرتے رہے ہیں اور احتجاجوں میں شریک رہے ہیں، آج مظلوم انصاف کیلیے دربدر اور دھکے کھا رہے ہیں، قتل کرنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا مگر وہ آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں، کارکنوں کے خلاف سابق دور حکومت میں درج ہونے والی جھوٹی ایف آئی آرز آج بھی قائم ہیں۔ یہ ظلم آج کیوں ہو رہا ہے؟

ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور پریس کلب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کیلیے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اپنے عبرت ناک انجام کو جا پہنچے ہیں، نواز شریف کو شاید عمر بھر پلٹ کر اپنے وطن میں قدم رکھنا نصیب نہ ہو اور دوسرے بھائی ملزم کے طور پر ضمانت کی رہائی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں، اشرافیہ نشان عبرت بن گئی،شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہاریکجہتی کیلیے عوامی تحریک لاہور اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت خرم نواز گنڈاپور،جواد حامد، سلطان محمود چوہدری  و دیگر نے کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر17 جون کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان، حیدر آباد، جیکب آباد،کوہاٹ، لکی مروت، مظفر آباد، میرپور، ایبٹ آباد ،گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، نارروال، سیالکوٹ، مریدکے، سمندری و دیگر علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔