اکشے کمار کی فلم ’پرتھوی راج‘ کے ریلیز سے قبل ہی بھارت میں ہنگامے

ویب ڈیسک  جمعـء 18 جون 2021
مظاہرین نے اکشے کمار کیخلاف نعرے بازی کی اور اداکار کے پتلے جلائے۔

مظاہرین نے اکشے کمار کیخلاف نعرے بازی کی اور اداکار کے پتلے جلائے۔

 ممبئی: اداکار اکشے کمار کی فلم ’پرتھوی راج‘ کے ریلیز ہونے سے قبل ہی بھارت میں ہنگامے شروع ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت اکھیل بھارتیہ ہندو مہاسبہا نے اکشے کمار کی فلم ’پروتھوی راج‘ کے خلاف شہرچنڈی گڑھ میں احتجاجی مظاہرے شروع کردیے۔ مظاہرین نے اداکار اکشے کمار اور فلم ہدایت کار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کے پتلے بھی جلائے۔

انتہا پسند جماعت نے فلم کے نام پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریلیز ہونے سے قبل تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جماعت کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ  تاریخ پر مبنی فلم کا نام ’پرتھوی راج‘ کے بجائے ’ہندوسمرات پرتھوی راج چوہان‘ رکھا جائے، صرف ’پرتھوی راج‘ نام رکھنا ہندوؤں کے بہادر حکمراں کی توہین ہے۔

رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ فلم کو ریلیز کرنے سے قبل ہمیں دکھایا جائے تاکہ فلم میں بتائی گئی تاریخ کا جائزہ لیا جائے۔

پرتھوی راج چوہان ہندوؤں کے حکمراں گزرے ہیں جن کی بہادری کے کارنامے پورے بھارت میں مشہور ہیں۔ ہندو پرتھوی راج چوہان سے متعلق عزت و احترام کے گہرے جذبات رکھتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔