ڈرون گرنے کے بعد نایاب سمندری پرندے خوفزدہ ہوکر فرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
بولسا چیکا میں 12 مئی کو گرنے والے ڈرون کے بعد ہزاروں پرندے خوفزدہ ہوکر یہ علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ فوٹو: بولسا چیکا پارک ویب سائٹ

بولسا چیکا میں 12 مئی کو گرنے والے ڈرون کے بعد ہزاروں پرندے خوفزدہ ہوکر یہ علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ فوٹو: بولسا چیکا پارک ویب سائٹ

کیلی فورنیا: انتہائی حساس اور اپنی بقا کے خطرے سے دوچار سمندری ابابیلوں نے اپنے مسکن پر ڈرون گرنے کے بعد وہاں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور اب تک واپس نہیں آئی ہیں۔

کیلیفورنیا میں واقع بولسا چیکا ماحولیاتی پارک میں نایاب ترین ایلگینٹ ٹرن ہر سال انڈے دینے آتےہیں یہ خوبصورت پرندہ سمندری ابابیل کی ایک قسم ہے۔ اگرچہ اسے مکمل ماحولیاتی پارک کا درجہ حاصل ہے کیونکہ یہ ایک بہت حساس پرندہ ہے۔ یہاں ڈرون اڑانے کی بھی ممانعت ہے تاہم مئی میں ایک ڈرون یہاں گرا جس کے بعد پرندے نہ صرف غائب ہوگئے ہیں بلکہ انہوں نے 1500 سے 2000 انڈے بھی ایسے ہی چھوڑ دیئے ہیں جو اب مکمل طور پر ضائع ہوچکے ہیں۔ ماہرین نے پریشانی میں ایک ایک انڈے کو دیکھا ہے لیکن کسی میں بھی زندگی کے آثار نہیں ہیں۔

یہ پرندے بہت لمبا سفر کرکے اپنی نسل خیزی کے لیے یہاں آتے ہیں لیکن ڈرون سے ڈر کر وہ اپنی نسل خیزی کا دور بھی فراموش کرکے یہاں سے کُوچ کرچکے ہیں۔ اس جگہ کی منتظم اور ماہرِ ماحول ڈاکٹر میلیسا لوئبل کہتی ہیں کہ ’ ہم نے زندگی میں اتنی تباہی کبھی نہیں دیکھی کیونکہ اس کا ازالہ کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔‘

12 مئی کو ڈرون کریش کے بعد 3000 پرندے یہاں سے اڑ گئے اور سینکڑوں انڈے چھوڑ گئے جن میں زندگی ختم ہوچکی ہے۔ ڈاکٹر میلیسا کے مطابق یہ پرندے انتہائی حساس اور شرمیلے ہوتےہیں۔ لیکن پرواز کے بعد ان کی دوسری جگہ کا بھی پتا نہیں چل سکا۔

ماہرین کے مطابق ایلیگینٹ ٹیل پرندوں میں اتنے خوف کی وجہ بھی اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ایک نایاب ترین پرندہ ہے جس کا قدرتی مسکن تیزی سے تباہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب ڈرون کی ملکیت اور اس واقعے کے اصل ذمے دار کا اب تک تعین نہیں ہوسکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔