خشک دودھ، پولٹری فیڈ، ملازمین اخراجات پر سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد

ارشاد انصاری  ہفتہ 19 جون 2021
کاروں کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، آزاد تجارتی معاہدے کیلیے ترکی نہیں مان رہا، رزاق داؤد (فوٹو:فائل)

کاروں کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، آزاد تجارتی معاہدے کیلیے ترکی نہیں مان رہا، رزاق داؤد (فوٹو:فائل)

 اسلام آباد:  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سگریٹ اور فارما کے ڈسٹری بیوٹرز کی گراس آمدن پر ایک فیصد، ڈیلرز، ہول سیلرز کی آمدن پر 0.25 فیصد انکم ٹیکس لگانے کی تجویز منظور کر لی تاہم خشک دودھ پر 17 فیصد سیلزٹیکس اور پرنٹ میڈیا کے ملازمین سمیت دیگر ملازم پیشہ طبقہ کے اخراجات پر ٹیکس کی تجویز مسترد کر دی۔

چیئرمین طلحٰہ محمود کی زیرصدارت اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بتایا پرنٹ میڈیا کی جانب سے اپنے ملازمین کو دیے گئے اخراجات پر ٹیکس لگا دیا گیا، اخباروں کی جانب سے ٹی اے ڈی اے پر ٹیکس لگانے کی تجویز ہے جو رقم فکس بنیادوں پر ملتی ہے اس پر ٹیکس چھوٹ ختم کررہے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے کہاغریب کا گلا نہ گھونٹیں۔

پولٹری ایسوسی ایشن حکام نے دہائی دی ٹیکس لگانے سے 3 ہزار روپے ٹن کے حساب سے فیڈ کی قیمتیں بڑھیں گی۔ کمیٹی نے پولٹری فیڈ پرسیلز ٹیکس کی 17 فیصد شرح  بھی مسترد کر دی۔

ایل ای ڈی انڈسٹری حکام نے کہا 17 فیصد سیلز ٹیکس کم ہوگا تو عوام کو سستا مال ملے گا۔ کمیٹی نے بائیو گیس پر چھوٹ دینے کے حوالے سے ٹائم فریم مقرر کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ ملازمین کی طبی سہولت پر استثنی ختم کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ کمیٹی کو بتایا گیاسوزوکی آلٹو کی قیمت 16 لاکھ 33 ہزار ہے،جس میں کمی ہوگی۔

مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے  بتایاکارسازکمپنیوںپر واضح کردیا ہے کہ کسٹمز ڈیوٹی اور ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کااثر قیمتوں پر نظر آنا چاہیے۔انھوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بتایا ترکی اور سری لنکا کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کیلئے مذاکرات جاری ہیں لیکن ترکی نہیں مان رہا، چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کا دوسرامرحلہ مکمل کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔