شوہر کی بیوفائی پر خاتون پولیس اہلکار کی خودکشی کی کوشش

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
شوہر نے دھوکے سے نکاح نامہ بھی ضبط کر لیا اب مجھے بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے، خاتون کا بیان۔ فوٹو:فائل

شوہر نے دھوکے سے نکاح نامہ بھی ضبط کر لیا اب مجھے بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے، خاتون کا بیان۔ فوٹو:فائل

جامشورو: خاتون اہلکار نے شوہر کی جانب سے نازیبا وڈیو و تصاویر بنانے اور بے وفائی پر خودکشی کی کوشش کی۔

ایکسپریس نیوز  کے مطابق جامشورو پولیس کی خاتون اہلکار نے شوہر کی جانب سے  نازیبا وڈیو اور تصاویر بنانے کے بعد بے وفائی پر خودکشی کی کوشش کی، تاہم خاتون کو بچا لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹری کے ڈاکٹرز کے مطابق علاقہ شیرازی محلہ کی رہائشی خاتون اہلکار کو طبی امداد کیلئےاسپتال لایا گیا تو انکشاف ہوا کہ اس نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم فوری طبی امداد ملنے کے بعد خاتون کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب خاتون اہلکار نے بیان دیا کہ میں نے 9 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی جس پر اہل خانہ نے بھی ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا دوسرا شوہر بلیک میلر ہے، اس نے مجھ سے دھوکے سے نکاح نامہ بھی ضبط کر لیا اب مجھے بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔

خاتون اہلکار نے  بتایا کہ  پولیس افسران بھی مجھے انصاف فراہم کرنے کے بجائے مجھ پر تہمت لگا رہے ہیں، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر بھی مجھے انصاف فراہم نہ کر سکے، آئی جی سندھ سے انصاف کی اپیل کرتی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔