وقت آگیا ہے سیاسی جماعتوں کو تلخیاں ختم کرنا ہوں گی، شیخ رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
 اگر یم نے تلخیاں ختم نہ کی تو الیکشن میں ٹرمپ اور جوبائیڈن والا حال ہوگا، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

اگر یم نے تلخیاں ختم نہ کی تو الیکشن میں ٹرمپ اور جوبائیڈن والا حال ہوگا، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آنیوالے وقتوں کی سیاسی صورتحال کی تیاری کرنی چاہیے، وقت آگیا ہے سیاسی جماعتوں کو تلخیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ 

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ حکومت نے تمام ویزے آن لائن کر دیئے ہیں، پہلے ویزوں کیلئے لین دین کیا جا تا تھا، اب ایگزٹ ویزا بھی آن لائن ہو گیا ہے، 2080 روپے کی اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ مل سکتا ہے، اس دور میں 3 لاکھ ویزے جا ری ہوئے ہیں اسکا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، تمام تحصیلوں میں نادرا ہیڈ کوارٹر کھولنے کا اختیار ایم این ایز کو دے دیا ہے، شناختی کارڈ ز کیلئے موبائل رجسٹریشن کا آغاز فاٹا میں شروع کیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے مہنگی بجلی کے معاہدے کیے، ان معاہدوں کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے، پاکستان میں اگر بجلی سستی ہوجائے تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے، ماضی میں کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے تو تمام مسئلے حل ہوسکتے ہیں، وزیراعظم سستی بجلی کےحوالےسےکوشش کررہےہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا، پڑھے لکھے آدمی نے اس صورتحال کو اچھا نہیں سمجھا، اب بہتری کی فضا آئی ہے، عمران خان نے کرپٹ اور بے حس سوسائٹی میں بہتری کی فضا پیدا کر نیکی کوشش کی، آئی ایم ایف کے پاس کون نہیں جاتا ایسے ہی ہم ایک دوسرے پر الزام لگاتے ہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہوتی ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ عمران خان کے دور میں  بیرون ملک پاکستانیوں نے9  ارب ڈالر بھیجے، پناہ گاہوں میں لوگوں کو جو کھانا ملتا ہے وہ غریب آدمی کیلئے بہتر ہے، موجودہ حکومت نے ڈیموں کا کام شروع کیا، احساس پروگرام دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کے تین سال گزر گئے ہیں، میں ایک ورکر کی حیثیت سے عرض کرتا ہوں کہ چوتھا سال الیکشن مہم کا ہوتا ہے، ہم سب سیاسی جماعتوں کو آنیوالے وقتوں کی سیاسی صورتحال کی تیاری کرنی چاہیے، ہمیں بہتر الیکشن کے معاملات کیطرف جانا چاہیے، ساری پارٹیوں کو مل بیٹھ کر چوتھے سال میں الیکشن اصلاحات پر بات کرنی چاہیے، پاکستان میں وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں تلخیوں کو ختم کرنا ہے، اگر یم نے تلخیاں ختم نہ کی تو الیکشن میں ٹرمپ اور جوبائیڈن والا حال ہوگا۔

وزیرداخلہ نے  بتایا کہ افغان بارڈر پر 88 فیصد باڑ لگا دی گئی ہے، اور باقی کام 30 جون تک مکمل ہوجائے گا، 38  جگہ پر لڑائی ہو رہی ہے،  افغانستان میں آئندہ 2ماہ بہت اہم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔