برطانوی رکن اسمبلی پر 14 سالہ لڑکے کیساتھ جنسی استحصال پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
رکن اسمبلی نے 14 سالہ لڑکے کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا، فوٹو: فائل

رکن اسمبلی نے 14 سالہ لڑکے کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا، فوٹو: فائل

 لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عمران احمد خان پر جنسی زیادتی کی فرد جرم عائد کردی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت کے رکن پارلیمنٹ عمران احمد خان پر 15 سال قبل لڑکے نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔ اسٹیفورڈ شائر پولیس کی جانب سے عدالت میں شواہد پیش کیے گئے جن کی بنیاد پر رکن اسمبلی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

برطانوی رکن اسمبلی نے صحت جرم انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام میرے اور میرے اہل خانہ کے لیے پریشان کن ہے۔ جو جرم مجھ سے سرزد ہی نہیں ہوا اس کے لیے الزام عائد کردینا انتہائی تکلیف دہ ہے۔

عدالت نے عمران احمد خان کی غیر مشروط ضمانت بھی منظور کرلی۔ مقدمے کی آئندہ سماعت 14 جولائی کو ہوگی۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ مقدمہ زیر سماعت ہے اس لیے کسی قسم کا تبصرہ کرنا مناسب نہیں تاہم رکن اسمبلی کی بطور وہپ حیثیت معطل کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 47 سالہ عمران احمد خان نے شمالی برطانیہ کے ویک فیلڈ حلقے سے 2019 کے انتخابات میں اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رکن کو شکست دیکر فتح حاصل کی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔