شہباز شریف کو اے پی سی کی نئی کہانی سوجھی ہے، فواد چوہدری

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جون 2021
اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے جو نہیں بکے گا (فوٹو : فائل)

اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے جو نہیں بکے گا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ناکامی کے بعد شہباز شریف کو اے پی سی کی نئی کہانی سوجھی ہے، پی ڈی ایم میں وعدے کر کے مکرنے اور ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے پر اعتراضات اٹھانے والے کس منہ سے اے پی سی میں شریک ہوں گے؟

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی طبیعت میں الیکشن چوری ہو وہ شفاف انتخابات کی تجویز کیسے دے سکتے ہیں؟ شہباز شریف کی پارلیمان کو بائی پاس کر کے انتخابی اصلاحات پر گفتگو کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز مضحکہ خیز ہے، پارلیمان کی بالادستی کے دعوے دار آج خود پارلیمان کی توقیر کو پاؤں تلے روند رہے ہیں۔

یہ پڑھیں : نوازشریف پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے، اپوزیشن لیڈر پارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے، اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے جو نہیں بکے گا، عوام ان کی اصلیت اور حقیقت جان چکے ہیں، وہ باشعور ہیں، انہیں بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں : شہبازشریف کا حکومتی الیکشن بل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔