کوروناوبامیں کمی؛ پنجاب میں سکھوں اور ہندوؤں کے مقدس مقامات کی مرمت کا کام تیز

آصف محمود  اتوار 20 جون 2021
کٹاس راج اور سیالکوٹ میں سکھوں اور ہندؤں کی کئی ایم عبادت گاہیں اور تاریخی مقام ہیں  فوٹو: ایکسپریس

کٹاس راج اور سیالکوٹ میں سکھوں اور ہندؤں کی کئی ایم عبادت گاہیں اور تاریخی مقام ہیں فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: پاکستان میں کورونا کی وجہ سے سکھوں اور ہندوؤں کے مقدس مقامات کی بحالی کا کام متاثرہوا تھا جسے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرعامراحمد کی ہدایت پر اب دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

چکوال میں واقع کٹاس راج میں ہندؤں کے کئی قدیم مندرہیں ،کٹاس راج کمپلیکس کاانتظام گزشتہ ماہ مئی میں محکمہ آثارقدیمہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کیا ہے جس کے بعد یہاں مختلف جگہوں کی بحالی،آرائش وتزئین کاکام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری سید فراز عباس نے بتایا کہ وسیع وعریض رقبے پر پھیلے مندروں کی صفائی کی گئی ہیں اوریہاں اگی جھاڑیاں ختم کردی گئی ہیں۔ مندروں میں ہندو عقیدے کے مطابق مختلف مورتیاں رکھی گئی ہیں۔ اسی طرح یہاں مندروں کے نئے دروزاے لگائے گئے ہیں، مقدس تالاب کی صفائی کی گئی ہے، یہاں ہندوپانڈوؤں سے منسوب کنواں اورقدیم غاریں ہیں ان کوصاف کرکے سیاحوں کے لئے کھولاگیاہے۔ اسی طرح موٹروے سے کٹاس راج تک معلوماتی بورڈلگادیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جگہ اب ناصرف دنیابھرمیں بسنے والے ہندؤں بلکہ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنے گی۔

سید فرازعباس نے یہ بھی بتایا کہ سیالکوٹ میں ہندوسنگتوں اورسیالکوٹ کی مقامی انتظامیہ کے تعاون سے شوالہ تیجامندرکی بحالی کاپہلامرحلہ مکمل ہوگیاہے جس کے تحت یہاں بیرونی چاردیواری، دروازے، مندرکے اطراف میں پارک بنایاگیاہے، وزیٹرزکے لئے بینچ رکھے گئے ہیں ،واش رومزبنائے گئے جبکہ عمارت کورنگ وروغن کیاگیاہے اب دوسرے مرحلے میں مندر کے گنبدوں کی بحالی کا کام شروع ہونے جارہا ہے۔

سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے علاقہ فتح بھنڈرمیں سکھوں کے بانی باباگورونانک سے منسوب گوردوارہ نانک سر کی بحالی اور آرائش وتزئین کے لئے سکھ سنگتوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ بلال بن عبدالطیف نے بتایا کہ سکھوں کے اس مقدس گورودوارے کی بحالی اور آرائش وتزئین کا منصوبہ شروع کررہے ہیں ،گوردوارہ صاحب کی عمارت کوکافی نقصان پہنچ چکا ہے ہم نے اس کا نوٹس لیا ہے، اب سکھ برادری کی مشاورت سے اورمتروکہ وقف املاک بورڈ کی مدد سے اس گوردوارے کوبحال کیا جائے گا، اس کی آرائش وتزئین ہوگی اوردیکھ بھال بھی کی جائے گی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل نے بتایا کٹاس راج میں جہاں کئی ہندو مندر ہیں وہیں سکھ جرنیل سردار ہری سنگھ نلوا کی قدیم حویلی بھی ہے۔ اس حویلی کی آرائش وتزئین، مرمت کا کام جلدشروع ہوجائیگا۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ مشترکہ طورپر اس تاریخی حویلی کی بحالی اورمرمت کا کام مکمل کریں گے، جہلم میں گوردوارہ چوا صاحب کی آرائش وتزئین اوربحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ اس گورودارہ صاحب کی آرائش وتزئین کے لئے یوایس اے سے تعلق رکھنے والے سرداررنجیت ناگرا کی طرف سے بھی مدد کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔