افغانستان میں امریکی سفارتی خانے کا اہلکار کورونا سے ہلاک، 114 قرنطینہ

ویب ڈیسک  اتوار 20 جون 2021
امریکی سفارت خانے کے 144 اہلکاروں کو قرنطینہ کردیا گیا، فوٹو: فائل

امریکی سفارت خانے کے 144 اہلکاروں کو قرنطینہ کردیا گیا، فوٹو: فائل

کابل:  افغانستان میں ایک دن کے دوران کورونا کے باعث امریکی سفارت خانے کے اہل کار سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جو کہ کسی بھی روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ افغانستان میں کورونا وبا کی صورت حال انتہائی خراب ہوگئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائز نے کورونا سے ایک سفارتی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت کابل میں قائم امریکی سفارت خانے کے عملے کا کورونا ٹیسٹ کرایا اور درجنوں افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر 114 افراد کو قرنطینہ کیا گیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان میں کورونا سے ہلاک ہونے والے امریکی سفارت کار کے اہلکار کا نام نہیں بتایا تاہم انہوں نے کہا کہ ویکسین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے امریکا سے ویکسین کابل بھیجوائی جا رہی ہیں۔

افغانستان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور اس مہلک وائرس سے 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تاہم جنگ زدہ ملک میں صورت حال نارمل نہ ہونے کی وجہ سے درست تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔