پی ایس ایل 6 ، ٹرافی کی جنگ 4 ٹیموں میں سمٹ آئی

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 جون 2021
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا ایلیمنیٹر ون میں مقابلہ، شکست خوردہ ٹیم دوڑ سے باہر۔ فوٹو: فائل

پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا ایلیمنیٹر ون میں مقابلہ، شکست خوردہ ٹیم دوڑ سے باہر۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان سپرلیگ ٹرافی کی جنگ 4 ٹیموں میں سمٹ آئی، پیر کو کوالیفائر میں ٹاپ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈکا ٹکراؤ دوسری پوزیشن کے حامل ملتان سلطانز سے ہوگا۔

فاتح سائیڈ فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی، ہارنے والی سائیڈ کو ایک اور موقع ملے گا، پیر کو ہی تیسرے اورچوتھے نمبر کی ٹیموں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا ایلیمنیٹر ون میں مقابلہ ہوگا، شکست خوردہ ٹیم دوڑ سے باہر ہوجائے گی، کامیاب سائیڈ کو فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے ایلیمنیٹر 2 کی دیوار بھی پار کرنا ہوگی۔

قبل ازیں ہفتے کی شب اسلام آباد نے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز کو 4 وکٹ سے شکست دے دی، محمد وسیم نے 4 جبکہ فہیم اشرف اور فواد احمد نے 2، 2 وکٹیں لیں، ناکام ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ 6کے پلے آف مرحلے کا آغاز پیر سے ابوظبی میں ہورہا ہے، لیگ مرحلے کے اختتام پراسلام آبادیونائیٹڈ کی ٹیم ٹاپ اور ملتان سلطانز دوسرے نمبر پررہے، ان دونوں کے درمیان کوالیفائر کھیلا جائے گا، تیسرے اور چوتھے نمبرکی ٹیمیں پشاور زلمی اور کراچی کنگز رات کو ایلیمنیٹر ون میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

ابوظبی میں ایونٹ منقتل ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے میچ شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر پھر مسلسل 5 میچز میں فتوحات حاصل کیں، اس طرح ان کی ٹیم 10میں سے 8 میچز جیت گئی، کراچی میں کھیلے گئے لیگ مرحلے میں اس نے 4  میں سے 3 میچز جیتے تھے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا، عثمان واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے ابوظبی میں جاری حالیہ میچز میں سنچری اسکور کی، اس ہائی اسکورنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی زیرقیادت پشاور زلمی کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔ ابوظبی میں کھیلے گئے 5 میچز میں عثمان اور کولن منرو نے  بالترتیب 175 اور 241 رنز بنائے، آصف علی  اور افتخار احمد نے مڈل آرڈر میں اپنی پرفارمنس سے  جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد کے حسن علی 8 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کر چکے، محمد وسیم اپنے ڈیبیو سیزن میں 9 میچز میں 11 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں، سلطانز کا سیزن میں آغاز خاصہ مایوس کن رہا وہ پانچویں پوزیشن پر موجود تھے مگر ابوظبی میں لیگ مرحلے کے اختیام پر ان کی ٹیم دوسرے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی، محمد رضوان 4 نصف سنچریوں کی بدولت 470 رنز بنا کر اپنی سائیڈ میں لیڈ کر رہے ہیں، صہیب مقصود 10میچز میں 304 رنز بنا چکے  ہیں، سلطانز کے ایمرجنگ کھلاڑی شاہنواز دھانی نے  شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 9 میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں، چھٹے ایڈیشن میں اب تک وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، دھانی کو دو مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ رواں سیزن میں اسلام آباد نے دونوں میچز میں ملتان سلطانز کو مات دی جبکہ آخری 5 میچز میں سے 3 میں یونائیٹڈ کو فتح حاصل ہوئی۔

ایلیمنیٹر ون میں مدمقابل پشاور زلمی اور کراچی کنگز نے رواں سیزن کے 2 باہمی مقابلوں میں ایک ایک فتح سمیٹی، گذشتہ 5 باہمی میچز میں کنگز کا 3 فتوحات کے ساتھ پلڑہ بھاری ہے۔ پشاور زلمی کے شعیب ملک روان سیزن میں اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انھوں نے 10میچز میں 244 رنز بنائے، شعیب ملک نے  قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف نصف سنچریاں اسکور کر کے اپنی ٹیم کے نیٹ ریٹ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کی طرف سے 9 میچز میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو ابوظبی میں جاری رواں ایڈیشن کے پہلے 3 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس  نے نویں میچ میں قلندرز کے خلاف آخری اوور میں فتح حاصل کی۔

قبل ازیں ہفتے کی شب کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ سنبھالنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 150 رنز کا ہدف ملا جوکہ اس نے 2 بالز قبل 6 وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا، کپتان شاداب خان نے 35اور حسین طلعت نے 34 رنز بنائے، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کی ٹیم 149 رنز پر آؤٹ ہوگئی، شان مسعود نے 37 بالز پر سب سے زیادہ 59 رنز بنائے، محمد وسیم نے 4 جبکہ فہیم اشرف اور فواد احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔