ایف بی آر نے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس میں اضافہ واپس لے لیا

رضوان آصف  پير 21 جون 2021
فلورملز ایسوسی ایشن کا چوکر پر سیلز ٹیکس میں اضافہ بھی واپس لینے کا مطالبہ

فلورملز ایسوسی ایشن کا چوکر پر سیلز ٹیکس میں اضافہ بھی واپس لینے کا مطالبہ

 لاہور:  عوام آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے بال بال بچ گئے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن اور عوامی حلقوں کے شدید احتجاج کے بعد گزشتہ روز ایف بی آر نے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ چوکر پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کے حوالے سے آج فلور ملز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر خزانہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بریک تھرو ہونے کا قوی امکان ہے۔

ٹیکس اضافہ واپس نہ لینے سے یکم جولائی سے ملک بھر میں آٹا تھیلا کی قیمت میں100روپے تک اضافہ متوقع تھا۔ایف بی آر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ غلطی سے ٹرن اوور ٹیکس کی کم ازکم شرح کے ٹیبل میں فلور ملز کا لفظ تحریر نہیں ہو سکا تھا لیکن اب اسے شامل کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فلور ملز ایسوسی ایشن کا اعلی سطحی وفد چیئرمین عاصم رضا کی قیادت میں آج وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات کریگا جس کے بعد ان کی مشترکہ ملاقات وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے متوقع ہے۔

فلور مل رہنماؤں کے مطابق ایف بی آر نے ٹرن اوور کی موجودہ شرح 0.25 فیصد برقرار رکھنے کا تو اعلان کر دیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں لیکن ایف بی آر نے چوکر پرسیلز ٹیکس کو بڑھا کر17فیصد کئے جانے کے حوالے سے فی الوقت کوئی بات نہیں کی جو تشویشناک ہے کیونکہ ٹرن اوور ٹیکس 0.25فیصد سے بڑھ کر1.25فیصد کئے جانے سے بیس کلو آٹا تھیلا کی قیمت30 روپے بڑھنا تھی جبکہ چوکر پر سیلز ٹیکس کی شرح7 سے بڑھا کر17 فیصد کرنے سے بیس کلو آٹا تھیلا کی قیمت میں مزید70 روپے اضافہ ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔