مارشل لاء لگانے والے کہتے ہیں آئین کو ٹوکری میں پھینک دو، جسٹس فائز

اسپیشل رپورٹر  پير 21 جون 2021
قانون کا تو مارشل لاء والے فوجیوں کو علم نہیں ہوتا، جسٹس قاضی فائز عیسی

قانون کا تو مارشل لاء والے فوجیوں کو علم نہیں ہوتا، جسٹس قاضی فائز عیسی

 اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں مارشل لاء لگانے والے کہتے ہیں آئین کو ٹوکری میں پھینک دو۔

جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے حساس ادارے کے ریٹائرڈ افسر کے مکان کی ملکیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسی نے استفسار کیا کہ بیٹے کے نام وصیت میں تمام صفحات پر انگوٹھوں کے نشان کیوں نہیں ہیں؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے موکل اور درخواست گزار کے والد فوجی ہیں انہیں قانون کا کیا پتا۔

اس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ قانون کا تو مارشل لاء والے فوجیوں کو علم نہیں ہوتا، مارشل لاء والے تو کہتے ہیں آئین کو ٹوکری میں پھینک دو، آپ کے موکل تو مارشل لاء والے نہیں ہیں، ایسا موقف اپنا کر اپنے موکل کی توہین نہ کریں۔

وکیل کوکب اقبال نے کہا کہ درخواست خارج ہوئی تو میرا موکل سڑک پر آجائے گا، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ موکل سے ہمدردی ہے تو اپنے گھر میں رکھ لیں، یہ عدالت ہے ہالی ووڈ نہیں، ڈراموں والی نہیں قانونی بات کریں۔

عدالت نے گھر کی ملکیت سے متعلق فرخ اقبال کی اپیل خارج کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔